اگر عوام نے ووٹ دے کر منتخب کیا تو لسبیلہ اور گوادر کے عوام کی آواز پارلیمنٹ میں گونجے گی،نیشنل پارٹی نے اقتدار میں آتے ہی پسنی میں امن و امان کو بحال کیا،ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ سابق وزیراعلی بلوچستان

اگر منتخب ہوا تو ماہی گیروں کے حقوق کا دفاع کروں گا، اپنے عوام کا استحصال کرنے کی اجازت کسی کو نہیں دوں گا ،سابق سپیکر بلوچستان اسمبلی محمد اسلم بھوتانی

ہفتہ 30 جون 2018 19:40

پسنی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 جون2018ء) اگر عوام نے ووٹ دے کر منتخب کیا تو لسبیلہ اور گوادر کے عوام کی آواز پارلیمنٹ میں گونجے گی۔ دس سال لسبیلہ کی نمائندگی کرکے ایک انچ زمین کسی کو نہیں دیا بلکہ طاقتور اداروں سے ہزاروں ایکڑ اراضی واپس کروایا۔گوادر میں زمینوں کا بندر بانٹ نہیں ہونے دوں گا۔ ان خیالات کا اظہار سابق اسپیکر بلوچستان اور حلقہ این اے 272 گوادر کم لسبیلہ سے آزاد امیدوار محمد اسلم بھوتانی نے پسنی میں نیشنل پارٹی کے ضلعی نائب صدر آدم قادربخش کی رہائش گاہ پر ایک عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا۔

عوامی اجتماع سے سابق وزیر اعلی بلوچستان اور نیشنل پارٹی کے رہنما ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ،حلقہ پی بی 51 گوادر سے نیشنل پارٹی کے امیدوار میر اشرف حسین ،نیشنل پارٹی کے ضلعی نائب صدر آدم قادربخش اور سلام اللہ نے بھی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر نیشنل پارٹی کے مرکزی ترجمان جان محمد بلیدی، طاہرہ خورشید،چیرمین ڈسٹرکٹ کونسل گوادر بابو گلاب،چیرمین میونسپل کمیٹی پسنی عبدالحکیم، کہدہ علی اور یوسف عبدالرحمان سمیت نیشنل پارٹی کے مرکزی اور ضلعی رہنما موجود تھے۔

محمد اسلم بھوتانی کا کہنا تھا کہ مجھے پتہ ہے کہ غیر قانونی فشنگ کو کیسا روکا جائے گا اگر منتخب ہوا تو ماہی گیروں کے حقوق کا دفاع کروں گا۔ اپنے عوام کا استحصال کرنے کی اجازت کسی کو نہیں دوں گا۔سوئی گیس سے پورا ملک مسفید ہوا اور بلوچستان کے عوام صرف دیکھتے رہے ہیں۔ جیتنے کے بعدگوادر اور لسبیلہ کے جائزمطالبات کو مرکزی اور صوبائی سطح پر حل کرنے کی کوشش کروں گا۔

انہوں نے کہا کہ ضلع گوادر اور لسبیلہ کے لوگ میری پزیرائی کریں۔عوام کے توقعات پر پورا اتر کر عوام کو مایوس نہیں کروں گا۔ انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ گوادر کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہوں اگر عوام نے موقع دیا تو گوادر میں پانی کا مسلئہ حل کروں گا۔ گوادر میں کوالٹی ایجوکیشن کو فروغ دوں گا۔ ان کا کہنا تھا کہ گوادر کے نام پر جتنا وسائل مل رہا ہے اسکو ضلع گوادر میں خرچ ہونا چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ میں نیشنل پارٹی کے قائدین کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔کہ انہوں نے قومی اسمبلی کی نشست پر اپنے امیدوار کو میرے حق میں دستبردار کرا کر میری حمایت کیا ہے۔ عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیر اعلی بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک نے کہا کہ حالیہ الیکشن 2013 کے الیکشن سے مختلف ہے۔ 2013 کے الیکشن میں پسنی کے لوگ گھروں سے نہیں نکلتے تھے۔

نیشنل پارٹی نے اقتدار میں آتے ہی پسنی میں امن و امان کو بحال کیا۔حالانکہ یہاں کے ایم پی اے اور ایم این اے ہم نہیں تھے۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل پارٹی نے اپنے دور میں غیر قانونی فشنگ کو بند کیا تھا۔مسلم لیگ ن کے آنے کے بعد ٹرالر پھر مکران کے ساحل تک آگئے۔ انہوں نے کہا کہ گوادر کے عوام ساحل اور وسائل کے تحفظ کے لئے اشرف حسین اور محمد اسلم بھوتانی کو ووٹ دے کر کامیاب کریں۔ انہوں نے کہا کہ باپ پارٹی مکرانی پارٹی نہیں تھا۔ باپ پارٹی نے مکران میں ایسے لوگوں کو ٹکٹ دیا ہے جنکا کام سیاست نہیں اور یہ سیاسی لوگ نہیں ہیں۔ کیونکہ الیکشن سے پہلے یہ جیتنے کے دعوی کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میر حمل کلمتی نے ساحل کا دفاع نہیں بلکہ سودا کیا ہے۔