امیدوار کا انتخاب سوچ سمجھ کر کریں، ووٹ قیمتی ہے اسے ضائع مت کریں ، چیئرمین عام لوگ پارٹی

ہفتہ 30 جون 2018 20:04

گوجرانوالہ۔30 جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جون2018ء) مرکزی چیئرمین عام لوگ پارٹی پاکستان و امیدوار این اے 81 نسیم صادق نے کہا ہے کہ آنیوالے پانچ سالوں کیلئے امیدوار کا انتخاب سوچ کر کریں۔ ووٹ قیمتی ہے اسے ضائع مت کریں ۔ پچھلا وقت گزر گیا اب ہمیں آنیوالے وقت کیلئے سوچنا ہے اور اکٹھے مل کر کھڑے ہونا ہے، سیاست میں جب سے آیا ہوں بنیادی مسائل کو نوٹ کیا، صحت اور تعلیم کے شعبے ناقص ترین صورتحال سے گزر رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

سرکاری شعبوں پر توجہ نہ دینے کی وجہ سے پرائیویٹ مافیا عروج پر چلا گیا ہے جب تک سرکاری شعبوں کو فنڈز نہیں دیئے جائینگے ان کے تعمیراتی کام نہیں ہونگے تب تک مزید مہنگائی بھی بڑھے گی اور پاکستان کے غریب لوگ مزید بدحالی کا شکار ہونگے ۔ انہوں نے کہا کہ میری اولین ترجیحات میں نوجوانوں کو روزگار حاصل کرنیکے مواقع فراہم کرانا ‘اسمبلی میں حلقہ کی نمائندگی کرنا اور عوام کی آواز بننا اور اپنے علاقہ کے مسائل کو ایوانوں میں اجاگر کرنا ہے ۔