مقبوضہ کشمیر ،ْ دختران ملت کا آسیہ اندرابی کی گرتی ہوئی صحت پر اظہار تشویش

ہفتہ 30 جون 2018 21:23

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 جون2018ء) مقبوضہ کشمیر میں دختران ملت نے غیر قانونی طور پر نظر بند پارٹی سربراہ آسیہ اندرابی کو گرتی ہوئی صحت پر سخت تشویش ظاہر کی ہے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق دختران ملت کی ترجما ن نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ بھارتی پولیس پولیس آسیہ اندرابی کو عدالتی احکامات پر تھانے سے طبی معائنے کے لیے ہسپتال لے گئی جہاں ڈاکٹروں نے ان کی صحت کی صورتحال انتہائی خراب قرار دی۔

(جاری ہے)

ترجمان نے کہا کہ آسیہ اندرابی کو کافی پیچیدہ امراض لاحق ہیں لہذا انہیں متواتر طبی معائنے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آسیہ اندرابی گزشتہ دو ماہ سے اپنی دیگر دو ساتھیوں ناہیدہ نسرین اور فہمیدہ صوفی کے ہمراہ غیر قانونی طور پر نظر بند ہیں جو قطعی طور پر ایک انتقامی کارروائی ہے ۔ ترجمان نے کہا کہ آسیہ اندرابی کو طبی سہولیات فراہم نہ کرنا اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ بھارتی حکومت ایک منصوبہ بند طریقے سے انہیں موت کی طرف دھکیل رہی ہے۔