حافظ نعیم الرحمن کا پی ایس 129نارتھ ناظم آباد کا دورہ ، عوامی مسائل حل کرانے کی یقین دہانی

کراچی کو تباہ و برباد کرنے میں ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی دونوں شریک ہیں ۔حافظ نعیم الرحمن کی گفتگو

ہفتہ 30 جون 2018 22:45

حافظ نعیم الرحمن کا پی ایس 129نارتھ ناظم آباد کا دورہ ، عوامی مسائل ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 جون2018ء) امیر جماعت اسلامی کراچی و متحدہ مجلس عمل کراچی کے صدر حافظ نعیم الرحمن نے صوبائی اسمبلی کے اپنے حلقہ انتخاب پی ایس 129نارتھ ناظم آباد کا دورہ کیا ۔ انہوں نے مختلف بلاکس میں علاقہ مکینوں ، عمائدین ،نوجوانوں اور مساجد میں نمازیوں سے ملاقاتیں کیں ۔ وہ مختلف بازاروں اور مارکیٹوں میں بھی گئے اوردوکانداروں اور چھوٹے تاجروں سے بھی ملے اور علاقے اور مارکیٹوں کے مسائل اور مشکلات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا ۔

حافظ نعیم الرحمن نے شاد مان ٹائون مکہ مسجد کے قریب میڈیا کے نمائندوں سے بھی گفتگو اور معززین علاقے کی جانب سے اپنے اعزاز میں دیئے گئے ایک استقبالیے میں بھی شر کت کی ۔ان کے ہمراہ عرفان حسن ، خالد صابر ، صفدر زمان ، فرحان سہیل ، ہمایوں نقوی اور دیگر بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

ملاقاتوں اوردورے کے دوران عوام نے بتایا کہ علاقے میں سب سے بڑا مسئلہ پانی کی قلت کا ہے ۔

جس نے ایک بحران کی شکل اختیار کر لی ہے ۔ واٹر بورڈ اورٹینکرز مافیا کی ملی بھگت کے باعث ہمیں انتہائی مہنگے داموں پانی خریدنا پڑ رہا ہے ۔ لائنوں میں کئی کئی ہفتوں بعد پانی آتا ہے ۔ علاقے میں صفائی ستھرائی اور سیوریج کے بھی انتظامات انتہائی ناقص ہیں ۔ یہاں سے ووٹ لے کر ایم این اے اور ایم پی اے بننے والوں نے کبھی اپنی شکل تک نہیں دکھائی ۔

واٹر بورڈ اور متعلقہ حکومتی اداروں اور حکام سے مسئلہ حل کرانے والا کوئی نہیں ہے ۔ حافظ نعیم الرحمن نے اس مو قع پر گفتگو کر تے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی نے عوامی مسائل کے حل کے لیے بھر پور جدو جہد کی ہے اور یہ کام کرتے رہیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کو تباہ و برباد کر نے میں ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی دونوں برابر کی شریک ہیں ۔ پیپلز پارٹی دس سال سے اقتدار میں ہے اور ایم کیو ایم نے بھی اس کے ساتھ اقتدارکے مزے لوٹے ہیں لیکن عوام کے بنیادی اوراہم مسائل حل نہیں کیے ۔

کراچی کے عوام آج بھی ضروری سہولتوں سے محروم ہیں ۔ بجلی ، پانی اور ٹرانسپورٹ سمیت بے شمار مسائل ہیں جنہیں یہ دونوں جماعتیں حل کر سکتی تھیں لیکن انہوں نے عوام کو دھوکہ دیا ۔آج یہ کس منہ سے عوام سے دوبارہ ووٹ مانگ رہی ہیں ۔ عوام ان کے نمائندوں کو مسترد کردیں اور25جولائی کو کتاب کے نشان پر مہر لگا کر اپنا اور اپنے بچوں کا مستقبل روشن اور محفوظ بنائیں ۔ مجلس عمل کی اہل اور دیانت دار قیادت کے ساتھ مل کر کراچی کو ترقی و خوشحالی اور اخوت و محبت کا گہواراہ بنائیں ۔ مجلس عمل عوام کو ہر گز مایوس نہیں کرے گی ۔