پی ٹی آئی اور ن لیگ انتشار کی سیاست،معاشرے میں عدم برداشت کا زہر گھول رہے ہیں، نیر حسین بخاری

پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کی قیادت میں انتخابات جیت کر اپنے منشور پر من و عن عمل کرے گی، وفود سے گفتگو

ہفتہ 30 جون 2018 22:52

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 30 جون2018ء) نپاکستان پیپلز پارٹی کے سیکریٹری جنرل سید نیر حسین بخاری نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی اور ن لیگ انتشار کی سیاست کر رہے ہیں اور معاشرے میں عدم برداشت کا زہر گھول رہے ہیں، پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کی قیادت میں انتخابات جیت کر اپنے منشور پر من و عن عمل کرے گی۔

(جاری ہے)

اپنی رہائش گاہ پر NA-53 کے عمائدین کے وفود سے بات کرتے ہوئے پیپلزپارٹی کے سیکریٹری جنرل نے کہا کہ آصف علی زرداری نے بحیثیت صدر پارٹی کے بانی شہید ذوالفقار علی بھٹو اور محترمہ بینظیر بھٹو شہید کے کئے ہوئے وعدوں کو پورا کیا۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) اور پی ٹی آئی مراعات یافتہ طبقات کی نمائندہ ہے جبکہ پاکستان پیپلزپارٹی پسے ہوئے طبقات کی نمائندگی کر رہی ہے اس لئے پارٹی کی توجہ غربت، بیروزگاری اور معاشی بدحالی سے نجات دلا کر عوام کو خوشحال بنانا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی نہ جھوٹے دعوے کرتی ہے اور نہ ہی جنت کے خواب دکھاتی ہے بلکہ ملک اور قوم کو درپیش مشکلات سے نجات دلاتی ہے۔ نیر حسین بخاری نے کہا کہ عوام 25جولائی کو ہر صورت میں اپنے ووٹ کا استعمال کریں۔