سیاسی جماعتوں نے اپنے رویہ سے قوم کو بہت مایوس کیا ہے،حافظ محمد سعید

ملی مسلم لیگ کی حمایت یافتہ اللہ اکبر تحریک روایتی انتخابی مہم نہیں چلائے گی،ہماری سیاست خدمت انسانیت ہے ملک گیر انتخابی مہم کے ذریعہ لوگوں میں پھیلنے والی مایوسیاں ختم کریں گے ، ہم ملک میں نظریہ پاکستان کو مضبوط کرنے کیلئے میدان میں نکلے ہیں، مرکزی ذمہ داران کے اجلاس سے خطاب

ہفتہ 30 جون 2018 23:03

سیاسی جماعتوں نے اپنے رویہ سے قوم کو بہت مایوس کیا ہے،حافظ محمد سعید
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 30 جون2018ء) امیر جماعةالدعوة پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ سیاسی جماعتوں نے اپنے رویہ سے قوم کو بہت مایوس کیا ہے۔ملی مسلم لیگ کی حمایت یافتہ اللہ اکبر تحریک روایتی انتخابی مہم نہیں چلائے گی۔ہماری سیاست خدمت انسانیت ہے۔ ملک گیر انتخابی مہم کے ذریعہ لوگوں میں پھیلنے والی مایوسیاں ختم کریں گے۔

ہم ملک میں نظریہ پاکستان کو مضبوط کرنے کیلئے میدان میں نکلے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوںنے مرکز القادسیہ چوبرجی میں مرکزی ذمہ داران کے اجلاس کے دوران کیا۔ اس موقع پر پروفیسر حافظ عبدالرحمن مکی،پروفیسر ظفر اقبال، مولانا امیر حمزہ، ملی مسلم لیگ کے صدر سیف اللہ خالد، نصر جاوید، ابوالہاشم ربانی، محمد یحییٰ مجاہد، احسان اللہ ، حارث ڈار،ابومعاذ محمد عمران، عبداللہ احمد،شفیق الرحمن،عبدالرحمن، احمد ندیم اعوان و دیگر موجود تھے۔

(جاری ہے)

بعد ازاں حافظ محمد سعید نے دیگر رہنمائوں کے ہمراہ انتخابات کے حوالہ سے قائم کردہ مرکزی میڈیا سنٹر کا افتتاح کیااور دعا کروائی۔اس موقع پر حافظ محمد سعید نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ قیام پاکستان کے وقت ہم نے اللہ سے عہد کیا تھا کہ اس ملک میں اسلام کی حکمرانی ہو گی لیکن افسوسناک امر یہ ہے کہ ستر برس سے زائد عرصہ گزرنے کے باوجود ہم نے اللہ رب العزت سے کئے گئے اپنے عہد کو پورا نہیں کیا۔

دوقومی نظریہ پر عمل پیرا نہ ہونے کی وجہ سے وطن عزیز کو سخت نقصانات سے دوچار ہونا پڑا۔ ہمیں آپس کے جھگڑوں کو ترک کر کے ملک میں اتحادویکجہتی کی فضا پیدا کرناہو گی۔ ہم نے صرف اپنی جماعت نہیں بپاکستان کا الیکشن لڑناہے۔ہم نے امیدوں کے چراغ جلانے ہیں۔ کارکنان عام لوگوں، مزدوروں اور غریبوں کو ساتھ ملا کر ملک گیر تحریک برپا کریں۔انہوںنے کہاکہ الیکشن اورسیاست کو نفع بخش کاروبار بنادیا گیا ہے۔

لوگ کاروبار کرنے آتے ہیں‘ہم نے کاروبار نہیں کرنا بلکہ اس ملک میں نظریہ پاکستان کو مضبوط کرنا ہے۔جماعتیں اپنا الیکشن لڑیں گی ہم نے پاکستان کا الیکشن لڑنا ہے۔ہم نے بیرونی قوتوں کی مداخلت کے راستے بند کرنے ہیں۔پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ یہ ہے کہ جو بھی پارٹی جیت کر جاتی ہے وہ قرضے لیکر پاکستان کو غلامی کی زنجیروں میں جکڑدیتی ہے۔

ملی مسلم لیگ کے صدر سیف اللہ خالد نے کہاکہ ملی مسلم لیگ اس ملک میں سیاست کر کے دکھائے گی۔ہم قوم کی خدمت،پاکستان کی تکمیل اوراسے ناقابل تسخیر بنانے کے لیئے میدان میں آئے ہیں۔ ہم نے ملک کو درپیش مسائل حل کرنے ہیں۔مزدور مہنگائی کے ہاتھوں پریشان ہے۔ہم نے ٹیکسوں کے نظام کو ختم اور مزدور کو ریلیف دینا ہے۔اسی طرح ہمیں اپنے کسانوں،تاجروں اورصنعتکاروں کو بہتر مستقبل کے لئے ماحول مہیا کرنا ہے۔