بنگلہ دیش کے 10رکنی میڈیا وفد کا ارفع کریم ٹیکنالوجی پارک کا دورہ

وفد کو ارفع کریم ٹاور میں قائم مختلف کمپنیوں اور دفاتر کے بارے میں بریفنگ دی گئی

ہفتہ 30 جون 2018 23:11

بنگلہ دیش کے 10رکنی میڈیا وفد کا ارفع کریم ٹیکنالوجی پارک کا دورہ
لاہور۔30 جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جون2018ء) بنگلہ دیش سے آئے ہوئے 10رکنی میڈیا وفد نے ہفتہ کے روز ارفع کریم ٹیکنالوجی پارک( ارفع کریم ٹاور) کا دورہ کیا۔ یہاں وفد کو ارفع ٹاور میں مختلف کمپنیوں اور دفاتر کے بارے میں انتظامیہ نے بریفنگ دی ۔ وفد کو بتایا گیا کہ پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ نے جدید ٹیکنالوجی ای سٹیمپنگ کے ذریعے کثیر رقم اکٹھی کی ہے اور یہ منصوبہ انتہائی کامیاب ثابت ہوا ہے ۔

وفد نے سٹیزن کال سنٹر‘ میٹرو کنٹرول روم اور خدمت مرکز کا بھی دورہ کیا۔ یہ سب ادارے ارفع کریم ٹیکنالوجی پارک میں ایک ہی چھت تلے کام کر رہے ہیں۔ اس موقع پر آئی ٹی یو کے ڈائریکٹر اکادمی نے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے بارے میں وفد کے ارکان کو تفصیلی بریفنگ دی ۔

(جاری ہے)

وفد نے آئی ٹی یو ‘ پی آئی ٹی بی کے منصوبوں میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ وفد کے ارکان نے تجویز دی کہ آئی ٹی یونیورسٹی کے اشتراک کے ساتھ بنگلہ دیش کے طالب علموں کو بھی یہاں انفارمیشن ٹیکنالوجی کی تعلیم دی جانی چاہئے۔

اس سے دونوں ممالک کے تعلقات مزید مستحکم ہونگے اور عوام ایک دوسرے کے قریب آئیں گے۔وفد میں بنگلہ دیش میڈیا کے دی نیوز ٹوڈے‘ دی انڈیپنڈنٹ ‘ ڈیلی سنگرام اور دی نیوز نیشن کے علاوہ دیگر اخبارات کے سینئر صحافی بھی شامل تھے ۔