پنجاب پولیس بھی نیب کے ریڈار پر

نیب نے پنجاب پولیس کے کرپٹ افسران کے خلاف تحقیقات کا آغاز کردیا

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس ہفتہ 30 جون 2018 22:52

پنجاب پولیس بھی نیب کے ریڈار پر
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار- 30 جون 2018ء ) :پنجاب پولیس بھی نیب کے ریڈار پرآ گئی۔ نیب نے پنجاب پولیس کے کرپٹ افسران کے خلاف تحقیقات کا آغاز کردیا۔تفصیلات کے مطابق نیب آجکل بہت متحرک ہو چکی ہے بالخصوص جب سے جسٹس (ر) جاوید اقبال نے نیب کی باگ ڈور سنبھالی ہے ،نیب نے کرپشن کے خلاف بڑا محاذ کھول دیا۔ایک جانب شریف خاندان کے خلاف کیسسز تیزی سے منطقی انجام کی جانب جا رہے تودوسری جانب دیگر کرپٹ سیاسی و سرکاری شخصیات کے خلاف تیزی سے کاروائیوں کا سلسہ جاری ہے۔

اس حوالے سے مسلم لیگ ن خاصی نالاں نظر آتی ہے۔انکا موقف ہے نیب کی حالیہ کاروائیاں سیاسی انتقام سے بڑھ کر نہیں ہے۔تازہ ترین خبر کے مطابق نیب نے پولیس پر ہاتھ ڈالنے کا منصوبہ تیار کرلیا۔ پنجاب پولیس بھی نیب کے ریڈار پرآگئی ہے اور نیب نے گھپلوں میں ملوث پنجاب پولیس کے کرپٹ افسران کے خلاف تحقیقات کا آغاز کردیا ہے، اس حوالے سے نیب لاہور کی جانب سے آئی جی پنجاب کو لکھا گیا ہے جس میں سازوسامان کی خریداری کی تفصیلات اور ملوث افسران کی تفصیلات طلب کی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی جی پنجاب کو مکمل ریکارڈ کی فراہمی کے لئے متعدد مراسلے لکھے جا چکے ہیں لیکن پنجاب پولیس نے تاحال مکمل ریکارڈ فراہم نہیں کیا اس لئے نیب نے فیصلہ کیا ہے کہ نئے آئی جی پنجاب کو بھی مراسلہ بھیجا جائے۔ نیب لاہور نے ایس ایس پی عبد الرب چوہدری کی انکوائری رپورٹ کی بنیاد پر پنجاب پولیس میں 2012 سے 2015 کے دوران بلٹ پروف اور سردیوں کے جیکٹس کی خریداری کی چھان بین، ڈولفن ہیلمٹس، ہتھکڑیوں, چھتریوں اور اینٹی رائٹس فورس کے سامان کی خریداری میں مبینہ گھپلوں اور پولیس افسران نے کرپشن کے ذریعے ہاوسنگ سوسائٹی میں گھر اور بنگلے بنانے کی تحقیقات شروع کردی ہے جب کہ آئی جی پنجاب آفس میں تعینات رجسٹرار اور اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر کی مبینہ کرپشن کے شواہد جمع کرلیے گئے ہیں۔