عوام نے امیدواروں سے ان کی کارکردگی کے بارے میں پوچھنا شروع کردیاہے،سینیٹر سراج الحق

اگر عوام نے اسی جرأت کا مظاہرہ پولنگ والے دن کیا توبڑے بڑے فرعون غرق ہوں گے،جب تک ملک کو اس کے بنیادی مقصد سے دور رکھا جائے گا خرابیاں بڑھتی رہیں گی،

اتوار 1 جولائی 2018 00:10

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 جولائی2018ء) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ کاروان چل پڑا ہے، اب کرپٹ نظام زمین بوس ہو کر رہے گا ۔ عوام نے امیدواروں سے ان کی کارکردگی کے بارے میں پوچھنا شروع کردیاہے ۔ اگر عوام نے اسی جرأت کا مظاہرہ پولنگ والے دن کیا توبڑے بڑے فرعون غرق ہوں گے اور اسٹیٹس کو کی قوتیں عبرتناک شکست سے بچ نہیں سکیں گی ۔

ملک و قوم کے مسائل کا واحد حل نظام مصطفیؐ کا نفاذ ہے ۔ جب تک ملک کو اس کے بنیادی مقصد سے دور رکھا جائے گا خرابیاں بڑھتی رہیں گی ۔ متحدہ مجلس عمل کے منشور کا پہلا نقطہ ہی ملک میں شریعت کے نظام کا نفاذ ہے ۔قومی خزانے سے لوٹی گئی دولت واپس لائیں گے اور ملک کو قرضوں اور سود کی معیشت سے نجات دلائیں گے ۔

(جاری ہے)

الیکشن سے پہلے بڑے منصوبے بنتے ہیں مگر الیکشن کے دن دھاندلی اور فراڈ کا بازار گرم ہوتاہے۔

کرپٹ قیادت نے دنیا بھر میں پاکستان کی عزت و وقار کو خاک میں ملا دیاہے ۔ ملک میں مارشل لاء ہو یا نام نہاد جمہوریت ، یہی اشرافیہ عوام کی گردنوں پر سوار رہتا ہے۔ کرپٹ اور ظالم اشرافیہ دشمن کے ایٹم بم سے بھی زیادہ خطرناک ہے ۔ پاکستان کے بعد آزاد ہونے والے چین اور ملائیشیا جیسے ملک معاشی ترقی کے آسمان کو چھورہے ہیں ۔ باصلاحیت قوم اور وسائل سے مالا مال ملک پر نااہل اور کرپٹ قیادت مسلط ہے ۔

دنیا میں ڈیڑھ ارب سے زیادہ مسلمان ہیں جو قدرتی وسائل سے مالا ما ل ہیں لیکن اسلامی دنیا کے حکمران امریکہ کی غلامی کر رہے ہیں اور ہر جگہ امریکی گھوڑے مسلط ہیں۔ ان خیالات کااظہار انہوںنے ریلوے روڈ صفدر آباد ضلع شیخوپورہ میں بڑے عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ جلسے سے جماعت اسلامی پنجاب کے امیر میاں مقصود احمد، ضلعی امیر اور حلقہ این اے 122 سے ایم ایم اے کے امیدوار سرفراز احمد خان ، پی پی 140 کے امیدوار چوہدری خالد محمود ورک ، پی پی2 14 کے امیدوار چوہدری غلام رسول بھٹی ، میاں اسد اللہ اور رانا تحفہ دستگیر نے بھی خطاب کیا ۔

اس موقع پر مشتاق جاوید ، زاہد عمران کوروٹانہ ، شیخ محمد جمیل اور رانا ممتاز خان بھی موجود تھے ۔ قبل ازیں امیر جماعت جب شیخوپورہ پہنچے تو انہیں کوٹ رنجیت انٹر چینج سے ایک بڑے قافلے کی صورت میں شیخوپورہ شہر لایا گیا اور ان کا فقید المثال استقبال کیا گیا ۔ شیخوپورہ میں سینیٹر سراج الحق نے حلقہ 140 پی پی سے متحدہ مجلس عمل کے امیدوار چوہدر ی خالد محمود ورک کی طرف سے نکالی گئی بڑی ریلی کی قیادت کی ۔

ریلی میں حلقہ کے عوام ، خاص طور پر نوجوانوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔ شہریوں کی طرف سے جگہ جگہ امیر جماعت کے قافلے پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں اور ان کا والہانہ استقبال کیا گیا ۔ سینیٹر سراج الحق نے مزید کہاکہ ستر سال سے عوام کی گردنوں پر سوار لینڈ ،ڈرگ اور شوگر مافیا نے ملک میں لوٹ مار کا بازار گرم کر رکھاہے ۔ عوام زندگی کی بنیادی سہولتوں سے محروم ہیں جبکہ حکمرانوں نے اندرون اور بیرون ملک دولت کے انبار لگارکھے ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ آج اگر ملک میں تعلیم ، علاج اور روزگار کی سہولتیں اور 80فیصد شہریوں کو پینے کا صاف پانی میسر نہیں ہے تو اس کے مجرم وہ لوگ ہیں جو پارٹیاں اور چہرے بدل بدل کر اقتدار کے ایوانوں پر قابض ہوتے رہے ۔ انہوں نے کہاکہ آج ایک بار پھر وہی لوگ نئے دعوئوں اور وعدوں کے ساتھ قوم کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کی کوشش کررہے ہیں ، مگر عوام اب باشعور ہو گئے ہیں اس لیے جگہ جگہ امیدواروں کو لوگوںکے سخت سوالوں اور ردعمل کا سامناہے ۔

انہوںنے کہاکہ عوام نے اگر اسی جوش و جذبے اور جرأت کامظاہرہ الیکشن والے دن بھی کیا اور چور وں لٹیروں کی بجائے دیانتدار لوگوں کو منتخب کیا تو ملک و قوم کے لیے وہ حقیقی آزادی کا دن ثابت ہوگا ۔انہوں نے کہاکہ حکمرانوں نے اپنی غیرت اور ضمیر کا سودا کیا اور قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ صدیقی کو دشمن کے حوالے کردیا ۔ ہم قوم کی بیٹی کو آزاد کرائیں گے ۔

ہماری حکومتوں نے انڈیا کے ساتھ یاری اور وفاداری کی مگر کشمیر کی آزادی کے لیے کچھ نہیں کیا ۔ حکمران محفوظ اور عوام غیر محفوظ ہیں ۔ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سرفراز احمد خان نے کہاکہ صفد رآباد این اے 122 کا بڑا قصبہ ہے لیکن یہاں کے ہزاروں نوجوان بے روزگار ہیں ، تعلیم اور صحت کی بنیادی سہولتیں میسر نہیں لوگوں کو علاج کے لیے ڈسٹرکٹ ہسپتال شیخوپورہ یا پھر لاہور جانا پڑتاہے ۔

صفد رآباد اور ملحقہ دیہات سے بچوں اور بچیوں کو انٹر میڈیٹ اور ڈگری کلاسوں کی تعلیم کے لیے بھی فیصل آباد اور لاہور کا رخ کرنا پڑتاہے ۔ انہو ں نے کہاکہ اگر حلقہ کے عوام نے ہمیں خدمت کا موقع دیا تو صفد ر آباد میں ایک معیاری ہسپتال اور بچوں اور بچیوں کے لیے ڈگری کالجز کا قیام میری ترجیح ہے ۔ انہوں نے کہاکہ علاقے کے نوجوانوں کو روزگار دینے کے لیے چھوٹی صنعتوں کا قیام ضروری ہے ۔

علاوہ ازیں شیخوپورہ صفد ر آباد روڈ اور دیگر ذیلی سڑکوں کی تعمیر میر ے منصوبوں میں شامل ہے ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ علاقے کے عوام اب سیاسی بازی گروں کے دھوکے میں نہیں آئیں گے اور 25 جولائی کو متحدہ مجلس عمل کے امیدواروں کے حق میں اپنا فیصلہ دے کر اپنے روشن مستقبل کی بنیاد رکھیں گے ۔ جاری کردہ