ہر گھر کے ایک فرد کو سرکاری نوکری‘ حاجی گلزار اعوان نے کوائف جمع کرنا شروع کر دیئے

حلقہ این اے 61 سے درخواستیں وصول کرنے کیلئے ڈویژنل سیکریٹریٹ امن ہائوس پشاور روڈ راولپنڈی میں بندوبست کر دیا گیا

اتوار 1 جولائی 2018 13:10

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 جولائی2018ء) پاکستان پیپلز پارٹی کا ہر کارکن پارٹی اُمیدوار برائے قومی اسمبلی حلقہ این اے 61 حاجی محمد گلزار اعوان نے سابق صدر آصف علی زرداری کے اعلان کے تحت اپنے حلقہ انتخاب میں موجود ہر گھر سے ایک ایک فرد کے کوائف جمع کرنا شروع کر دئیے ہیں جن کو پاکستان پیپلز پارٹی اقتدار میں آکر سرکاری نوکریاں دے گی ․ چوہڑچوک اور ملحقہ یونین کونسلوں میں انتخابی مہم کے سلسلے میں منعقدہ کارنر میٹنگز سے خطاب کرتے ہوئے انہو ںنے کہا کہ ہماری جماعت اقتدار میں آنے کے بعد ہر گھر سے ایک ایک فرد کو اس کی تعلیم اور قابلیت کے مطابق سرکاری نوکری دے گی ․ اس سلسلے میں حلقہ این اے 61 سے درخواستیں وصول کرنے کیلئے ڈویژنل سیکریٹریٹ امن ہائوس پشاور روڈ راولپنڈی میں بندوبست کر دیا گیا ہے ․ انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے پاکستان پیپلز پارٹی نے بنیادی ہوم ورک کر لیا ہے ․ حاجی محمد گلزار اعوان نے کہا کہ اس کے علاوہ میں اپنے حلقے کے نوجوانوں کو ان کی صلاحیتوں کے مطابق سپورٹس سمیت دیگر تمام شعبوں میں آگے بڑھنے اور ترقی کرنے کے بھر پور مواقع فراہم کروں گا ․ خاص طور پر ہمارے معاشرے میں منشیات کا جو زہر پھیل رہا ہے وہ نئی نسل کو تباہی اور بربادی کی جانب دھکیل رہا ہے ․ مسلم لیگ ن کی حکومت نے منشیات کے خلاف کوئی کام نہیں کیا بلکہ مبینہ طور پر ان کے لوگ منشیات فروشوں کو تحفظ بھی دیتے ہیں ․ انہوں نے کہا کہ یہ ایک سنگین قومی مسئلہ ہے اور تقریبا ہر گھر منشیات کی وجہ سے پریشان ہے ․ ہم منشیات کی تیاری اور فروخت کے خلاف بے رحم آپریشن کرکے معاشرے کو اس ناسور سے پاک کریں گے ․ اس موقع پر عوام کی بڑی تعداد نے حاجی محمد گلزار اعوان کو اپنی حمایت کا یقین دلایا -