پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھنے سے شہریوں کے معمولات زندگی بری طرح متاثر ہوئے ہیں‘میاں سلیم

چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نگران حکومت کے غیر آئینی و غیر ضروری عوام کش اقدامات کا فوری نوٹس لیں ‘جنرل سیکرٹری انجمن تاجران پنجاب

اتوار 1 جولائی 2018 15:50

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 جولائی2018ء) انجمن تاجران پنجاب کے جنرل سیکرٹری میاں سلیم نے کہا ہے کہ نگران حکومت کا ایک ماہ میں دو مرتبہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھانا غریب عوام کے لئے تشویشناک بات ہے،یوں لگتا ہے جیسے نگران حکومت نے بھی سابقہ حکومتوں والا طرز عمل اختیار کر لیا ہے، چیف جسٹس آف پاکستان سے التجا ہے کہ فوری طور پر نگران حکومت کے غیر آئینی و غیر ضروری عوام کش اقدامات کا فوری نوٹس لیں اور پٹرولیم قیمتوں میں ہونے والے حالیہ اضافے کو فوری طور پر واپس لینے کا حکم صادر فرمائیں تاکہ عوام کو مزید بدترین مہنگائی کے عذاب میں مبتلاہونے سے بچایا جا سکے۔

گزشتہ روز صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے میاں سلیم نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے دور میں جب عالمی منڈی میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں 120 ڈالر فی بیرل تھیں اس وقت پاکستان میں 90 روپے فی لیٹر پٹرول فروخت ہوتا رہا ہے اس وقت عالمی منڈی میں پٹرولیم مصنوعات کے نرخ 72ڈالر فی بیرل ہیں اور پاکستان میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں 100 روپے فی لیٹر مقرر کر دی گئیں ہیں ،نگران حکومت کے پاس کوئی آئینی اختیار نہیں کہ وہ عوام پر پٹرولیم بم گرائے ،نگران حکومت محض چندماہ کیلئے آئی ہے تاکہ صاف و شفاف انتخابات کروا سکے ۔

(جاری ہے)

پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھنے سے انڈسٹری ، زراعت اور تاجر برادری سمیت عام شہریوں کے معمولات زندگی بری طرح متاثر ہوئے ہیں، اورغریب عوام کیلئے روز مرہ کے استعمال کی اشیاء سمیت ٹرانسپورٹ مزید مہنگی ہو گئی ہے ،نگران حکومت کی جانب سے ایک ماہ میں دو مرتبہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کرنے پر چیف جسٹس آف پاکستان میاں ثاقب نثار فوری طور پر نوٹس لیں اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں پچھلے ماہ کی قیمتوں کے مطابق واپس لانے کا حکم صادر فرمائیں۔

انہوں نے کہاکہ ملکی ضرورت کے پٹرولیم کا 35فیصد حصہ پاکستان سے نکالا جاتا ہے جبکہ حکومت اس پر بھی عالمی منڈی سے خریدے گئے پٹرولیم کے مطابق ٹیکسز لاگو کر کے عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہی ہے جو سراسر زیادتی کے زمرے میں آتا ہے ،میاں سلیم نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات عوام کی بنیادی ضرورتوں میں سے ایک ہے لہذا پٹرولیم مصنوعات سے ہر طرح کے غیر ضروری ٹیکسز کو فوری طور پر ختم کر کے عوام کو مہنگائی کے عذاب سے نکالا جائے ۔