تجارتی وفود کے تبادلوں سے پاکستان اور یونان کے درمیان باہمی تجارت کو بڑھانے میں مدد ملے گی،چوہدری عرفان یوسف

اتوار 1 جولائی 2018 17:00

لاہور۔یکم جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 جولائی2018ء) تجارتی وفود کے تبادلوں سے پاکستان اور یونان کے درمیان باہمی تجارت کو بڑھانے میں مدد ملے گی،دونوں ممالک کی کاروباری برادری کے درمیان تجارتی سرگرمیاں میں اضافہ ہو گا ۔پاکستان اور یونان کے درمیان کم تجارت کی ایک بڑی وجہ رابطوں کا فقدان ہے، دونوں ممالک کے تاجروں کو باہمی روابط بڑھانے چاہئیں۔

تجارتی وفود کا تبادلہ بھی باہمی تجارت کے فروغ میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔یونان و پاکستان کے تجارتی تعلقات کو فروغ دینے کے لئے سفیر پاکستان کی کاوشیں رنگ لے آئی ہے۔ان خیالات کا اظہار فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) کے ریجنل چیئرمین چوہدری عرفان یوسف نے یونان میں پاکستان سفیرخالدعثمان قیصر کی طرف سے پاکستانی سفارت خانہ میں دئیے گئے عشائیہ میں مقامی اور یونان میں مقیم پاکستانی کاروباری برادری اور صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سفیر پاکستان خالد عثمان قیصر نے تجارتی وفد کو یونان کی جغرافیائی کلچر، ثقافت، روایات،تاریخی و موجودہ صورتحال یونان کو درپیش معاشی بحران،یونان و پاکستان کے باہمی تعلقات، درآمدات و برآمدات بارے آگاہی دی۔ خالدعثمان نے کہاکہ اس دورہ سے تجارتی تعلقات کو فروغ دینے کے علاوہ باہمی تعلقات مضبوط بنیادوں پر استوار ہونگے ۔

عرفان یوسف نے مزید کہاکہ دونوں ممالک میں تجارت کی صلاحیت اس سے کہیں زیادہ ہے لہذا نجی شعبے کو باہمی روابط بڑھاکر تجارت کو فروغ دینا چاہیے۔کاروبار کے لیے موزوں ماحول پیدا کرنے کے لیے دونوں ممالک کے نجی شعبہ کو فعال ہونا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ دونو ں ممالک کو تجارت و سرمایہ کاری کے متعلق معلومات کا بروقت تبادلہ یقینی بنانا چاہیے۔

اس موقع پرگریس ۔پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی صدر ماریہ روبینہ مارکوپولو نے کہاکہ پاکستان اور یونان کے تجارتی تعلقات کو مضبوط بنیادوں پر استوار کرنے کے لئے سفیر پاکستان کی انتھک محنت جہدوجہد کاوشیں رنگ لے آئی ۔ تجارتی وفد پانچ روزہ دورہ کے دوران گریک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی میٹنگز میں شرکت کے علاوہ تجارت سے متعلقہ امور پر تبادلہ خیال و معاہدے کریں گے یونان و پاکستان کے تجارتی تعلقات مضبوط بنیادوں پر استوار کرنے کے سلسلہ میں سفیر پاکستان خالد عثمان قیصر کی محنت جزبہ حب الوطنی کاوشوں کو سراہتے ہوئے یونان، پاکستانی وفد، پاکستانی تاجر وصحافی برادری نے انھیں خراج تحسین پیش کیا۔

تقریب میں گریک پاکستانی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے میاں یونس، ملک محمد انور، سید محمد جمیل،چیئرمین پاکستان کمیونٹی گریس چوہدری محمد شبیر دھامہ، صدر پاکستان مسلم لیگ ن چوہدری اعجاز، چوہدری محمد اسلم.،حافظ شاہد غفار گجر، موسی خاں،میاں منیر، میاں صغیرحکیم خاںودیگر نے شرکت کی۔