مقبوضہ کشمیر: بار ایسوسی ایشن کی آسیہ اندرابی کیخلاف نیا مقدمہ درج کرنے کی مذمت

اتوار 1 جولائی 2018 17:30

سرینگر ۔ یکم جولائی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 جولائی2018ء) مقبوضہ کشمیر میں ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن نے بدنام زمانہ بھارتی تحقیقاتی ادارے ’ این آئی اے‘ کی طرف سے دختران ملت کی سربراہ آسیہ اندرابی کے خلاف دائر کیے جانے والے بے بنیاد مقدمے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے سراسر ایک انتقامی کارروائی قراردیا ہے۔

(جاری ہے)

کشمیر میڈیاسروس کے مطابق بار ایسو سی ایشن کی طرف سے سرینگر میںجاری کیے جانے والے ایک بیان میں کہا گیا کہ آسیہ اندابی پہلے ہی اپنی دو ساتھیوں ناہیدہ نسرین اور فہمیدہ صوفی کے ہمراہ گزشتہ دوماہ سے زائد عرصے سے نظر بند ہیں۔

بیان میں کہا گیا کہ آسیہ اندرابی شدید علیل ہیں لہذا انکے کے خلاف مزید بے بنیاد مقدمات دائر کرنے کے بجائے انہیں اور انکی ساتھیوںکو رہا کیا جائے تاکہ وہ مناسب علاج و معالجہ کرا سکیں۔ بیان میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں پلوامہ میں ایک دسویں جماعت کے طالب علم فیضان احمد کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ بھارتی فورسز کی طرف سے مقبوضہ وادی میںجاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے۔