بھارت کشمیریوں کی حق پر مبنی تحریک کو دبانے کے لیے ہر قسم کے حربے آزما رہا ہے۔ یاسین ملک

شہید فیضان احمد کو خراج عقیدت

اتوار 1 جولائی 2018 17:30

سرینگر ۔یکم جولائی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 جولائی2018ء) مقبوضہ کشمیر میں جموںوکشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک نے قابض بھارتی فورسز کی طرف سے مقبوضہ علاقے میں جاری قتل وغارت کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیریوں کی حق پر مبنی تحریک کو دبانے کیلئے ہر قسم کے حربے آزمائے جارہے ہیں۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق محمد یاسین ملک نے ان خیالات کا اظہار پلوامہ کے علاقے لدھو پامپور میں منعقدہ ایک دعائیہ تقریب سے خطاب کے دورا ن کیا۔

یہ دعائیہ تقریب بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں جمعہ کے روز شہید ہونے والے دسویں جماعت کے طالب علم فیضان احمد کی یاد میں منعقدہ کی گئی تھی۔ فیضان احمد ژاٹ پورہ پلوامہ میں پر امن مظاہرین پر قابض فوجیوں کی فائرنگ کے نتیجے میں شہید ہوا تھا۔

(جاری ہے)

محمد یاسین ملک آزادی پسند رہنمائوں بشیر احمد کشمیری، رمیض راجہ اور دیگر کے ہمراہ و قابض انتظامیہ کی پابندیوں کے باوجود سرینگر سے پامپور پہنچنے میں کامیاب ہو گئے تھے۔

انہوں نے شہید طالب کے اہلخانہ کے ساتھ بھر پور اظہار یکجہتی کیا ۔ محمد یاسین ملک نے کہا کہ بھارت کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو دبانے کیلئے ہر قسم کے ہتھکنڈے استعمال کر رہا ہے لیکن وہ اپنے مذموم ارادے میں ہرگز کامیاب نہیں ہوگا کیونکہ کشمیریوں نے اپنے عظیم شہید کے مشن کو اسکے منطقی انجام تک پہنچانے کا عزم کر رکھا ہے۔۔ انہوں نے کہا شہید فیضان کے والد جو ایک ڈاکٹر ہیں اور وہ اس وقت پلوامہ ہسپتال میں بھارتی اہلکاروں کی گولیوں سے زخمی ہونے والوں کا علاج کر رہے تھے کہ اس دوران انکے سامنے خود انکا اپنا لخت جگر زخمی حالت میں لایا گیاجسے بعد میں انہیں کفن پہنا کر اس کے جنازے کوکندھادینا پڑا۔

محمد یاسین ملک نے فیضان اور دیگر شہداء کوشاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے عالمی برادری اور اقوام متحدہ سے اپیل کی کہ وہ کشمیریوں کو بھارتی قتل وغارت سے تحفط فراہم کرنے اور تنازعہ کشمیر کے حل کے لیے کردار ادا کریں۔