بھارتی فوجیوں نے گزشتہ ما ہ جون میں33کشمیریوں کو شہیدکیا،بھارتی فوج کے سربراہ کے بیان کی مذمت

اتوار 1 جولائی 2018 17:30

سرینگر ۔یکم جولائی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 جولائی2018ء) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی جاری کارروائیوں کے دوران گزشتہ ماہ جون میں4کم عمر لڑکوں سمیت 33بے گناہ کشمیریوں کو شہید کیا۔کشمیر میڈیا سروس کے ریسرچ سیکشن کی طرف سے آج جاری کی گئی رپورٹ کے مطابق ان میں سے 3نوجوانوں کوکپواڑہ میں ایک مقابلے میں شہید کیا گیا۔

ان شہادتوں کی وجہ سے 3خواتین بیوہ اور4بچے یتیم ہوئے۔ اس عرصے کے دوران بھارتی فورسز نے پرامن مظاہرین کے خلاف گولیوں،پیلٹ گن اور آنسو گیس کے گولوںسمیت طاقت کا وحشیانہ استعمال کرکے 2سو 36فراد کو زخمی کر دیا جبکہ گھرو ں پر چھاپوں ،محاصروں اور پکڑ دھکڑکی کارروائیوں کے دوران حریت رہنمائوں اور کارکنوں سمیت 1سو 76شہریوں کو گرفتارکیا۔

(جاری ہے)

بھارتی فورسز نے گزشتہ ماہ22رہائشی مکانوںکو تباہ کیا۔کل جماعتی حریت کانفرنس نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں بھارتی فوج کے سربراہ جنرل بپن راوت کے تازہ بیان جس میں انہوں نے کشمیر میں اپنی کارروائیوں کو عوام دوست قرار دیا ہے کو انتہائی مضحکہ خیز قرار دیا ہے۔ بیا ن میں کہا گیا کہ بھارتی فورسز نے کشمیریوں کے خلاف جنگ چھیڑ رکھی ہے اور وہ کشمیریوں کوروز قتل، معذور، گرفتاراور تشدد کا نشانہ بنا رہی ہیں۔

میر واعظ عمر فاروق کی سربراہی میں قائم حریت فورم نے ایک بیا ن میں بھارتی تحقیقاتی اداروں نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی اور انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کیطرف سے حریت رہنمائوں کو مختلف جھوٹے اور من گھڑٹ مقدمات میں ملوث کرنے کی شدید مذمت کی۔ دریں اثنا جموںوکشمیر لبریشن اور تحریک حریت جموںوکشمیر کے وفودبھارتی فوجیوں کے ہاتھوں شہید ہونے والے دسویں جماعت کے طالب علم فیضان احمد کے اہلخانہ کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے ضلع پلوامہ کے علاقے پامپور گئے ۔

لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک نے اس موقع پر بھارتی فورسز کے ہاتھوں کم عمرکشمیری بچوں کے قتل کی شدید مذمت کی۔ کشمیر ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن نے ’ این آئی اے‘ کی طرف سے دختران ملت کی غیر قانونی طور پر نظر بند سربراہ آسیہ اندرابی کے خلاف دائر کیے جانے والے بے بنیاد مقدمے کی شدید مذمت کی۔ ضلع پلوامہ میں آج بھارتی پولیس اور سینٹرل ریزرو پولیس فورس کی ایک مشترکہ گشتی پارٹی پر حملہ کیا گیا۔ دریں اثنا شدید بارشوں کی وجہ سے مقبوضہ علاقے میں چار افراد جاں بحق گئے جن کا تعلق کولگام، جموں اور پونچھ کے علاقوں سے بتایا جارہاہے۔