پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی انتخابی ریلی پر لیاری میں مشتعل افراد کی جانب سے پتھرائو

تشدد کی سیاست کرنے والی جماعتیں پیپلز پارٹی کا راستہ نہیں روک سکتیں، ہم تشدد کا جواب تشدد سے نہیں بلکہ سیاسی عمل سے دیتے ہیں، الیکشن کمیشن واقعے کا نوٹس لے، سینیٹر مصطفیٰ نواز کھوکھر بلاول بھٹو زرداری پہلی بار انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں، اس کو ڈرانے دھمکانے کی کارروائیاں کامیاب نہیں ہوں گی،سینیٹر مولا بخش چانڈیو

اتوار 1 جولائی 2018 18:00

اسلام آباد ۔ یکم جولائی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 جولائی2018ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے چئیرمین بلاول بھٹو زرداری کی انتخابی ریلی پر لیاری میں مشتعل افراد کی جانب سے پتھرائو کیا گیا۔ مختلف نجی ٹی وی چینلز کے مطابق یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب بلاول بھٹو زرداری اپنے انتخابی حلقے این اے 246 لیاری میں انتخابی مہم کے سلسلے میں ایک ریلی کی قیادت کر رہے تھے۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنمائوں نے پارٹی چیئرمین کی انتخابی ریلی پر پتھرائو کی مذمت کی ہے۔ نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کے ترجمان سینیٹر مصطفیٰ نواز کھوکھر نے کہا کہ چند افراد کی جانب سے اس طرح کی بزدلانہ حرکات بلاول بھٹو زرداری کا راستہ نہیں روک سکتیں۔ انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو کی لیاری ریلی جاری رہے گی، کارکنان پرامن رہیں۔

(جاری ہے)

تشدد کی سیاست کرنے والی جماعتیں پاکستان پیپلز پارٹی کا راستہ نہیں روک سکتیں۔ انہوں نے مذید کہا کہ ہم تشدد کا جواب تشدد سے نہیں بلکہ سیاسی عمل سے دیتے ہیں۔ الیکشن کمیشن واقعے کا نوٹس لے۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما سینیٹر مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ لیاری میں بلاول بھٹو کی ریلی کے ساتھ پیش آنے والا واقعہ قابل مذمت ہے، بلاول بھٹو زرداری پہلی بار انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں، اس کو ڈرانے دھمکانے کی کارروائیاں کامیاب نہیں ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کے قافلے کو روکنے کا کیا مقصد ہے۔