حضرو کو پنجاب کی بہترین تحصیل بنانا مشن، بیروزگاروں کو نوکریاں، سپورٹس، صحت و تعلیم کے شعبوں میں نمایاں بہتری اور چھچھ کو ترقی دوں گا، احمد خانزادہ

سول ہسپتال حضرو کو ایسا بنا دونگا کہ کوئی مریض اٹک یا راولپنڈی ریفر نہ ہوگا، چھچھ کو کرپٹ عناصر سے پاک کرکے دم لوں گا عوام25 جولائی کو ہمارا انتخابی نشان ’’تیر‘‘ یاد رکھیں پیپلز پارٹی اقتدار میں آ کر ملک وقوم کو ترقی کی نئی راہ پر گامزن کرے گی پی پی پی کے نامزد امیدوار صوبائی اسمبلی حلقہ پی پی 2کا شینکہ میں انتخابی جلسہ سے خطاب ، مستقبل کے لائحہ عمل کا اعلان

اتوار 1 جولائی 2018 18:50

اٹک(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 01 جولائی2018ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے نامزد امیدوار صوبائی اسمبلی حلقہ پی پی 2احمدخانزادہ نے کہا ہے کہ منتخب ہو کر حضرو کو پنجاب کی سب سے بہترین تحصیل بناؤں گا، بیروزگاروں کو سرکاری نوکریاں، غازی بروٹھا نہر سے سستی بجلی و رائلٹی، کھلاڑیوں کو سپورٹس سہولیات، صحت و تعلیم کے شعبوں میں نمایاں بہتری اور چھچھ کو شاندار ترقی دوں گا، سول ہسپتال حضرو کو ایسا بنا دونگا کہ کوئی مریض اٹک یا راولپنڈی ریفر نہ ہوگا، وعدہ کرتا ہوں چھچھ کو چوروں ، ڈاکوؤں اور کرپٹ عناصر سے پاک کرکے لوٹا ہوا مال ان سے واپس لیکر عوام پر خرچ کرونگا، حلقہ بھر میں عوام کی طرف سے ملنے والی حمایت اور پذیرائی پر مشکور ہوں، عوام25 جولائی کو ہمارا انتخابی نشان ’’تیر‘‘ یاد رکھیں پیپلز پارٹی اقتدار میں آ کر ملک وقوم کو ترقی کی نئی راہ پر گامزن کرے گی،وہ شینکہ میں شوکت حیات اور ملک سلیمان کی طرف منعقدہ بڑے جلسہ سے خطاب کررہے تھے، بلال خانزادہ، صفدر خان، شاہد خان، شاہین خان، لیاقت خان، عبدالوہاب، نصیر جدون، جنت گل ، کرامت خان، منصر علی و دیگر معززین ا ور اہلیان شینکہ نے بھر پور شرکت کی، قبل ازیں احمد تاج خانزادہ ، انکے بڑے بھائی بلال خانزادہ کو چھچھ انٹرچینج سے ریلی کی شکل میں جلسہ گاہ شینکہ لایا گیا جہاں پہنچنے پر انکا بھر پور استقبال کیا گیا، اس موقع پر احمد تاج خانزادہ نے اپنے بہترین لائحہ عمل کا اعلان کیا جس میں چھچھ کی تعمیرو ترقی اور کرپٹ لوگوں کو سیاست سے باہر پھینکنا شامل ہے، بلال خانزادہ نے اپنے خطاب میں جہانگیر خانزادہ اور ان کے ساتھیوں کی کرپشن کو خوب بے نقاب کیا اور اپنے سیاسی سفر پر روشنی ڈالی۔