بلدیہ شرقی کی کونسل نے 3ارب 1 کروڑ 85 لاکھ روپے کا متوازن بجٹ متفقہ طور پر منظور کر لیا

ترقیاتی مصارف کیلئے 1 ارب 8 کروڑ 50 لاکھ روپے مختص ترقیاتی فنڈز بڑھائے گئے ہیں، چیئرمین بلدیہ شرقی معید انور

اتوار 1 جولائی 2018 19:30

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 جولائی2018ء) بلدیہ شرقی کی کونسل نے بلدیہ شرقی کا 3 ارب 1 کروڑ 85 لاکھ روپے کا متوازن ترقیاتی بجٹ متفقہ طور پر منظور کرلیا، بلدیہ شرقی کا ڈرافٹ بجٹ 26 جون کو پیش کیا گیا تھا، چیئرمین بجٹ کمیٹی آصف میمن نے اراکین کونسل کو بجٹ تفصیلات سے آگاہ کیا جبکہ بجٹ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین بلدیہ شرقی معید انور نے کہا کہ ترقیاتی کاموں کو اہمیت دیتے ہوئے ترقیاتی بجٹ بڑھایا گیا ہے، بلدیہ شرقی کا ترقیاتی بجٹ 1 ارب 8 کروڑ 50 لاکھ روپے ہے۔

ہمارا یہ دوسرا بجٹ ہے ہر گزرتے سال کے ساتھ غیر ترقیاتی مصارف کو کم کر رہے ہیں کیونکہ کوشش ہے کہ عوام کی بلدیاتی مشکلات کو دور کیا جائے، ترقیاتی کاموں میں ہمیشہ معیار ترجیح رہی ہے، آئندہ بھی معیاری ترقیاتی کام ترجیح رہیں گے۔

(جاری ہے)

بلدیہ شرقی میں ہومیوپیتھک طریقہ علاج کو ضلع بھر میں متعارف کروادیا ہے جبکہ ایجوکیشن کے شعبے میں ایسے کام کیئے ہیں جس سے کچھ عرصے میں بلدیہ شرقی کے اسکولوں کا تعلیمی معیار بہترین ہوجائیگا،ضلع شرقی میں خدمات سر انجام دینا آسان کام نہیں ہے یہاں مختلف اہم مقامات جیسے مزار قائد، ایکسپو سینٹر، نیشنل اسٹیڈیم، نشتر پارک وغیرہ موجود ہیں اسلئے سارا سال خدمات کی فراہمی کا سفر جاری رکھنا پڑتا ہے اور ہم آپ سب کے تعاون سے یہ کام احسن طریقے سے سر انجام دے رہے ہیں میں امید کرتا ہوں کہ آئندہ بھی اراکین کونسل و افسران کا تعاون میرے ساتھ رہے گا اپوزیشن لیڈر ذوالفقار قائم خانی نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس سال بجٹ میں مشاورت کر کے بجٹ تیار کیا گیا ہے جو انتہائی خوش آئند ہے، یہ سلسلہ ہر لحاظ سے جاری رہنا چاہیئے انہوں نے او زیڈ ٹی فنڈ کے حوالے سے کہا کہ او زیڈ ٹی کے حصول کیلئے کمیٹی ہونی چاہیئے جو یہ پیسہ لانے میں مدد فراہم کرے جبکہ فیول کے حوالے سے بھی انہوں نے کچھ سوالات اٹھائے، انہوں نے کہا کہ اراکین کونسل کے اعزازیئے کو متبادل کے طور پر اراکین کونسل کی فلاح پر استعمال ہونا چاہیئے جبکہ سروسز فراہم کرنے کیلئے نئی گاڑیاں خریدنے کیلئے بھی فنڈز ہونا چاہیئیں۔

بعد از اں اراکین کونسل نے اتفاق رائے سے بجٹ منظور کرلیا۔ اجلاس میں وائس چیئرمین بلدیہ شرقی عبدالرؤف خان، میونسپل کمشنر اختر علی شیخ، ایس ای ایسٹ طارق مغل، ڈائریکٹر کونسل آصف رضوی سمیت دیگر محکمہ جات کے افسران نے شرکت کی۔