پارک کو مزید بہتر بنانے کیلئے بجٹ میں رقم مختص کی ہے، ہل پارک کی جھیل اور آبشار کو15روز میں درست کیا جائے، میئر کراچی وسیم اختر

شجر کاری مہم میں سول سوسائٹی کی دلچسپی قا بل تحسین ہے، تمام پارکوں کو بہتر بنائیں گے، سول سوسائٹی اور این جی اوز کے ہمراہ ہل پارک کا دورہ

اتوار 1 جولائی 2018 21:00

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 جولائی2018ء) میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ ہل پارک کو مزید بہتر بنانے کے لئے بجٹ میں رقم مختص کی ہے، ہل پارک کی جھیل اور آبشار کو15روز میں درست کیا جائے، ہل پارک اور اطراف میں3ہزار پودے لگا ئے جارہے ہیں،شجر کاری مہم میں سول سوسائٹی کی دلچسپی قا بل تحسین ہے،کراچی کے تمام پارکوں کو بہتر بنائیں گے، یہ بات انہوں نے اتوار کے روز ہل پارک میں سول سوسائٹی اور این جی او کے نمائندوں کے ہمراہ شجر کاری مہم کے سلسلے میں پودا لگانے کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر صوبائی وزیر ماحولیات و اطلاعات جمیل یوسف، بیگم نیلوفر فضل الرحمن اور سول سوسائٹی کے دیگر افراد نے بھی شجرکاری مہم میں حصہ لیتے ہوئے پودے لگائے، میئر کراچی نے کہا کہ ہل پارک کراچی کے قدیم پارکس میں شامل ہے جسے بہتر بنانے کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں، ہل پارک میں شہریوں کے لئے فراہم کی سہولیات کو بہتر اور معیاری بنایا جا رہا ہے تاکہ یہاں تفریح کے لئے آنے والے لوگوں کو سہولت ملے، انہوں نے کہا کہ ہل پارک کی جھیل اور آبشار کی وجہ سے اس پارک کی رونق ہے اور اسی وجہ سے ان چیزوں پر خاص توجہ دی جا رہی ہے تاکہ یہاں آنے والی فیملیز کو بھرپور تفریح کی سہولت فراہم کی جاسکے، انہوں نے کہا کہ کراچی کے تمام پرانے اور نئے پارکس پر توجہ دی ہے اور جہاں جہاں ضرورت ہے ترقیاتی کام کرائے جارہے ہیں، صحت مند معاشرے کے قیام کے لئے پارکس اور کھیل کے میدان ضروری ہیں، پارکس کو سرسبز اور شاداب بنانے میں ہر شہری حصہ لے اور زیادہ سے زیادہ پودے لگائے جائیں تاکہ ماحولیاتی آلودگی کو ختم کیا جاسکے اور صحت مند آب و ہوا فراہم کی جاسکے، درجہ حرارت میں بڑھتے ہوئے اضافے کے پیش نظر خاص طور پر صنعتی اور کاروباری علاقوں میں شجر کاری کی اہمیت اور بھی بڑھ جاتی ہے، اس حوالے سے سوسائٹی اور این جی اوز کی کاوشیں قابل تحسین ہیں اور شہر کی بہتری کے لئے ان تمام اداروں کے ساتھ تعاون جاری رکھا جائے گا۔