حافظ نعیم الرحمن کا اپنے حلقہ انتخاب این اے 250کا مرکزی الیکشن آفس اور حلقہ انتخاب کا دورہ

مجلس عمل کی اہل اور دیانت دار قیادت کے ساتھ مل کر کراچی کو ترقی و خوشحالی اور اخوت و محبت کا گہواراہ بنائیں ، مجلس عمل عوام کو ہر گز مایوس نہیں کریں گے، گفتگو

اتوار 1 جولائی 2018 21:40

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 جولائی2018ء) امیر جماعت اسلامی کراچی و متحدہ مجلس عمل کراچی کے صدر حافظ نعیم الرحمن نے قومی اسمبلی کے اپنے حلقہ انتخاب این اے 250کا مرکزی الیکشن آفس بنارس ، یوسی 3پٹھان کالونی ،پیرآباد ، مسلم آباد ، قصبہ کالونی ،محمد پور اورایم پی آر کالونی میں دفاتر کاافتتاح کیا اور اپنے حلقہ انتخاب کا دورہ کیا ۔

انہوں نے مختلف بلاکس میں علاقہ مکینوں ، عمائدین ،نوجوانوں اور مساجد میں نمازیوں سے ملاقاتیں کیں۔وہ مختلف بازاروں اور مارکیٹوں میں بھی گئے دوکانداروں اور چھوٹے تاجروں سے بھی ملے اور علاقے اور مارکیٹوں کے مسائل اور مشکلات کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا ۔ حافظ نعیم الرحمن نے این اے 250بنارس کے مرکزی دفتر کے افتتاح کے موقع پر عوا م سے خطاب بھی کیا۔

(جاری ہے)

ان کے ہمراہ جماعت اسلامی کراچی کے نائب امیر محمد اسحاق خان ، پی ایس 120کے نامزد امیدوار عبد الرزاق خان ، یوسی چیئرمین عبد الصمد ، اور دیگر بھی موجود تھے ۔ ملاقاتوں اوردورے کے دوران عوام نے بتایا کہ علاقے میں سب سے بڑا مسئلہ پانی کی قلت کا ہے۔ جس نے ایک بحران کی شکل اختیار کر لی ہے ۔ واٹر بورڈ اورٹینکرز مافیا کی ملی بھگت کے باعث ہمیں انتہائی مہنگے داموں پانی خریدنا پڑ رہا ہے ۔

لائنوں میں کئی کئی ہفتوں بعد پانی آتا ہے ۔ علاقے میں صفائی ستھرائی اور سیوریج کے بھی انتظامات انتہائی ناقص ہیں ۔ یہاں سے ووٹ لے کر ایم این اے اور ایم پی اے بننے والوں نے کبھی اپنی شکل تک نہیں دکھائی ۔ واٹر بورڈ اور متعلقہ حکومتی اداروں اور حکام سے مسئلہ حل کرانے والا کوئی نہیں ہے ۔ حافظ نعیم الرحمن نے اس مو قع پر گفتگو کر تے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی نے عوامی مسائل کے حل کے لیے بھر پور جدو جہد کی ہے اور یہ کام کرتے رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کو تباہ و برباد کر نے میں ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی دونوں برابر کی شریک ہیں ۔ پیپلز پارٹی دس سال سے اقتدار میں ہے اور ایم کیو ایم نے بھی کراچی میں ایک طویل عرصہ تک اقتدارکے مزے لوٹے ہیں لیکن عوام کے بنیادی اوراہم مسائل حل نہیں کیے ۔ کراچی کے عوام آج بھی ضروری سہولتوں سے محروم ہیں ۔ بجلی ، پانی اور ٹرانسپورٹ سمیت بے شمار مسائل پر ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی نے کوئی اقدامات نہیں کیے انہوں نے عوام کو دھوکہ دیا ۔

آج یہ کس منہ سے عوام سے دوبارہ ووٹ مانگ رہے ہیں ۔ عوام ان کے نمائندوں کو مسترد کردیں اور25جولائی کو کتاب کے نشان پر مہر لگا کر اپنا اور اپنے بچوں کا مستقبل روشن اور محفوظ بنائیں ۔ مجلس عمل کی اہل اور دیانت دار قیادت کے ساتھ مل کر کراچی کو ترقی و خوشحالی اور اخوت و محبت کا گہواراہ بنائیں ۔ مجلس عمل عوام کو ہر گز مایوس نہیں کرے گی ۔#