بلاول بھٹو زرداری آج ٹھٹھہ، سجاول، بدین اور حیدرآباد کا دورہ کرکے انتخابی ریلیوں اور جلسوں سے خطاب کریں گے

اتوار 1 جولائی 2018 21:40

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 جولائی2018ء) پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کراچی میں انتخابی مہم کے بعد آج پیردوجولائی کو سندھ کے اضلاع ٹھٹھہ ، سجاول ، بدین اورحیدرآباد کا طوفانی دورہ کریں گے اورمختلف شہروں میں انتخابی ریلیوںاور جلسوں سے خطاب کریں گے۔بلاول بھٹو زرداری انتخابی مہم کے سلسلہ میں آج (پیر) صبح 11بجے بلاول ہائوس سے قافلے کی صورت میں اندرون سندھ کے لیے روانہ ہونگے۔

کراچی اور ٹھٹھہ کے سنگم پر پیپلزپارٹی کی جانب سے ان کا استقبال کیا جائے گا۔ بعد ازاں ٹھٹھہ شہرپہنچنے پران کا پیپلزپارٹی ٹھٹھہ کی جانب سے پرتباک استقبال کیا جائے گا جہاں وہ اپنے اعزازمیں دیے جانے والے استقبالیہ اورانتخابی جلسہ سے خطاب بھی کرینگے۔

(جاری ہے)

بعدازاں بلاول بھٹو زرداری ضلع سجاول کے لیے روانہ ہوجائیں گے۔ سجاول شہرپہنچنے پربلاول بھٹو کے قافلے کا بھرپوراستقبال کیا جائے گا۔

سجاول میں استقبالیہ ہجوم سے خطاب کے بعد بلاول بھٹو گولارچی شہرپہنچیں گے اوروہاں سے بدین جائیں گے۔ بدین میں انتخابی جلسہ سے خطاب کے بعد بلاول بھٹو براستہ تلہار ٹنڈومحمد خان حیدرآباد پہنچیں گے اورفتح چوک حیدر آباد میں انتخابی جلسہ ریلی سے خطاب کریں گے۔ قبل ازیں بلاول بھٹو بدین، تلہار، ٹنڈومحمد خان ، گولارچی شہرمیں بھی انتخابی جلسوں اورریلی کے شرکاء سے خطاب کریں گے۔

علاوہ ازیں پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری 3 جولائی کو منگل کے روز صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی ایس 63 سے نامزد امیدوار شرجیل انعام میمن کی انتخابی مہم کے سلسلے میں راہوکی، ٹنڈو جام پہنچیں گے چیئرمین بلاول بھٹو کی آمد کے موقع پر راہوکی میں استقبال کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں پارٹی چیئرمین کی سندھ میں انتخابی مہم کے آغاز کے موقع پر سندھ کے مختلف شہروں میں ان کے بھرپور استقبال کی تیاریاں کی گئی ہیں۔ حیدرآباد سے میرپور خاص جاتے ہوئے چیئرمین بلاول بھٹو کا جگہ جگہ بھرپوراستقبال کے پروگرامز کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔