قومی احتساب بیورو کا انتخابات سے کوئی لینا دینا نہیں ہے ،ْچیئر مین نیب جسٹس جاوید اقبال

نیب ہر قیمت پر بدعنوانی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لئے قوم کی توقعات پر پورا اترے گی ،ْ بیان

اتوار 1 جولائی 2018 22:10

قومی احتساب بیورو کا انتخابات سے کوئی لینا دینا نہیں ہے ،ْچیئر مین ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 جولائی2018ء) نیب کے چیئرمین جسٹس جاوید اقبال نے کہا ہے کہ قومی احتساب بیورو کا انتخابات سے کوئی لینا دینا نہیں ہے ۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نیکہا کہ نیب کسی کے استحصال پر یقین نہیں رکھتی، نیب نے بدعنوان، اشتہاری اور مفروروں کو پکڑنے اور آہنی ہاتھوں سے نمٹنے کا عزم کر رکھا ہے اور اس کیلئے تمام وسائل کو بروئے کار لایا جا رہا ہے۔

نیب ہر قیمت پر بدعنوانی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لئے قوم کی توقعات پر پورا اترے گی۔ چیئرمین نیب نے کہا کہ بدعنوانی کے خاتمے کے لئے ادارے کی تشکیل نو کی ہے اور تمام ڈائریکٹر جنرلز کو ہدایت کی ہے کہ کسی بھی بدعنوان کے خلاف رعایت نہ کرتے اور انہیں قانون کے کٹہرے میں لائیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے نیب کے تمام عہدوں کے افسران اور عملہ کو ہدایت کی ہے کہ محنت شاقہ، شفافیت اور میرٹ کی بنیاد پر کام کرے۔

انہوں نے کہا کہ نیب انسداد بدعنوانی کا ملک کا اعلیٰ ترین ادارہ ہے۔ نیب کی موجودہ انتظامیہ نے اپنی ذمہ داریاں سنبھالنے کے بعد سے نہ صرف انسداد بدعنوانی کی موثر قومی حکمت عملی مرتب کی بلکہ بدعنوانوں کے خلاف اقدامات بھی اٹھائے جس کے شاندار نتائج برآمد ہونا شروع ہو گئے ہیں۔ نیب کی موثر قومی انسداد بدعنوانی حکمت عملی کا اعتراف پلڈاٹ، ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل اور ورلڈ اکنامک فورم جیسے قومی بلکہ بین الاقوامی شہرت کے حامل ادارے بھی کر رہے ہیں جو کہ نیب کی کوششوں کی بدولت پاکستان کے لئے فخر کی بات ہے۔

انہوں نے کہا کہ نیب مکمل طور پر بدعنوانی کے خاتمے اور بدعنوان عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لئے پرعزم ہے اور اسے اپنا قومی فریضہ سمجھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انفورسمنٹ پالیسی کی بدولت نیب نے گزشتہ سات ماہ کے دوران 350 ملزمان کو گرفتار کیا اور 2200 ملین روپے کی وصولیاں کیں جو مجموعی سزائوں کی 77 فیصد شرح کے ساتھ تاریخی کامیابی ہے۔