پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ناگزیر تھا، نگران وزیر اطلاعات سید علی ظفر

ایمنسٹی سکیم کے تحت 50ارب روپے وصول ہو چکے ہیں اور مزید 50ارب روپے کی وصولی متوقع ہے، پاکستان میں بجٹ کا 5فیصد پانی پر خرچ ہو رہا ہے ، ایف اے ٹی ایف کو پاکستان کو گرے لسٹ میں شامل نہیں کرنا چاہیے تھا ،عالمی برادری کو دہشتگردی کے خلاف ہماری قربانیوں اور کوششوں کا اعتراف کرنا چاہیے،سرکاری ٹی وی کو انٹرویو

پیر 2 جولائی 2018 00:00

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 02 جولائی2018ء) نگران وزیر اطلاعات ونشریات سید علی ظفر نے کہا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ناگزیر تھا، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا تلخ فیصلہ کرنا پڑا، ایمنسٹی سکیم کا مقصد غیر اعلانیہ اثاثہ جات کو دستاویزی شکل دینا ہے ، سپریم کورٹ نے بھی ایمنسٹی سکیم کو خوش آئندہ قراردیا ہے ، اس سکیم کے تحت 50ارب روپے وصول ہو چکے ہیں اور مزید 50ارب روپے کی وصولی متوقع ہے، پاکستان میں بجٹ کا 5فیصد پانی پر خرچ ہو رہا ہے ، ایف اے ٹی ایف کو پاکستان کو گرے لسٹ میں شامل نہیں کرنا چاہیے تھا ، نگران وزیر خزانہ نے ایف اے ٹی ایف کو پاکستان کے متعلقہ اقدامات سے آگاہ کیا انہوں نے ان خیالات کا اظہار اتوار کو سرکاری ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے کیا نگران وزیر اطلاعات ونشریات نے کہا کہ ایمنسٹی سکیم کا مقصد غیر اعلانیہ اثاثہ جات کو دستاویزی شکل دینا ہے ، سپریم کورٹ نے بھی ایمنسٹی سکیم کو خوش آئندہ قراردیا ہے ، اس سکیم کے تحت 50ارب روپے وصول ہو چکے ہیں اور مزید 50ارب روپے کی وصولی متوقع ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایمنسٹی سکیم سیاستدانوں کیلئے نہیں ہے ،ہر حکومت عوام کو زیادہ سے زیادہ فائدہ دینا چاہتی ہے ، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ناگزیر تھا، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا تلخ فیصلہ کرنا پڑا۔سید علی ظفر نے کہا کہ پاکستان میں بجٹ کا 5فیصد پانی پر خرچ ہو رہا ہے ، دنیا پانی کے مسئلے پر اگلے چالیس سال کی منصوبہ بندی کر رہی ہے ، پانی زندگی ہے ، اس مسئلے کے حل کیلئے سنجیدہ اقدامات ناگزیر ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ رجسٹرڈ افغان مہاجرین کے قیام میں تین ماہ کی توسیع کی گئی ہے ، پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ کامیابی سے لڑی ہے ، عالمی برادری کو دہشتگردی کے خلاف ہماری قربانیوں اور کوششوں کا اعتراف کرنا چاہیے ۔ وزیراطلاعات نے کہا کہ ایف اے ٹی ایف کو پاکستان کو گرے لسٹ میں شامل نہیں کرنا چاہیے تھا ، نگران وزیر خزانہ نے ایف اے ٹی ایف کو پاکستان کے متعلقہ اقدامات سے آگاہ کیا۔انہوں نے کہا کہ ایف اے ٹی ایف نے 26نکات پر عمل درآمد کا مطالبہ کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ انتخابات صاف اور شفاف ہوں گے اور اس کا تاثر بھی ملے گا، پی ٹی وی پر تمام جماعتوں کو یکساں وقت دیا جا رہا ہے ، الیکشن مبصرین کو ہر ممکن سہولت فراہم کریں گے ۔