عوام کے تمام مسائل کا حل اور دکھوں کا علاج متحدہ مجلس عمل کے پاس ہے، سراج الحق

ْ قوم نے درست فیصلہ کیا تو آئندہ کوئی چور لٹیرا پاکستان کے ایوانوں میں نہیں پہنچ سکے گا 26جولائی کا سورج عالمی استعمار کے آلہ کاروں کی شکست اور پاکستان کے عوام کے لیے حقیقی آزادی کا پیغام لے کرطلوع ہوگا ،آنے والا وقت پاکستان کی عزت و وقار کی بحالی اور ترقی و خوشحالی کا ضامن ہے،امیر جماعت اسلامی کا انتخابی جلسہ سے خطاب

پیر 2 جولائی 2018 00:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 02 جولائی2018ء) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ عوام کے تمام مسائل کا حل اور دکھوں کا علاج متحدہ مجلس عمل کے پاس ہے قوم نے درست فیصلہ کیا تو آئندہ کوئی چور لٹیرا پاکستان کے ایوانوں میں نہیں پہنچ سکے گا 26جولائی کا سورج عالمی استعمار کے آلہ کاروں کی شکست اور پاکستان کے عوام کے لیے حقیقی آزادی کا پیغام لے کرطلوع ہوگا ۔

آنے والا وقت پاکستان کی عزت و وقار کی بحالی اور ترقی و خوشحالی کا ضامن ہے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے اپنے حلقہ انتخاب’’ میدان‘‘ میں انتخابی جلسے سے خطاب اور بعد ازاں یونین کونسل کوٹھو میں انتخابی دفتر کے افتتاح کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ جیسے جیسے الیکشن کا دن قریب آرہاہے ، کرپٹ اور بددیانت امیدواروں کے چہروں پر ہوائیاں اڑنا شروع ہوگئی ہیں اور کرپٹ جاگیرداروں اور ظالم سرمایہ داروں کو اپنی شکست واضح نظر آرہی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ عوام کے ہاتھ اب نام نہاد عوامی نمائندوں اور سالہا سال سے عوام کودھوکہ دینے والوں کے گریبانوں تک پہنچنا شروع ہوگئے ہیں اور لوگ امیدواروں سے اپنی محرومیوںاور پریشانیوں کا حساب مانگ رہے ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ تین تین بار حکومتیں کرنے والے ایک بار پھر عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کی کوشش کرر ہے ہیں مگرعوام کے تیور بتا رہے ہیں کہ اب وہ ایسے لوگوں کو اپنے اوپر مسلط کرنے کے لیے تیار نہیں ہیں۔

سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ ملک میں روزانہ ہونے والی بارہ ارب روپے کی کرپشن پر قابو پالیا جائے اور بیرونی بنکوں میں موجود قومی سرمایہ ملک میں آ جائے تو ہمیں امریکہ سمیت کسی عالمی طاقت اور صیہونی مالیاتی اداروں کے دبائو میں آنے کی ضرورت نہیں ۔ کرپٹ حکمرانوں اور اسٹیٹس کو کی قوتوں نے ہماری آزادی و خودمختاری کو آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک کے ہاتھوں گروی رکھ دیاہے ۔

متحدہ مجلس عمل کے منشور میں آزاد خارجہ و داخلہ پالیسی کے ساتھ ساتھ مختلف ممالک سے برابری کی سطح پر تعلقات سود سے پاک معاشی نظام اور عوام کو تعلیم و صحت کی سہولتوں کی فراہمی کے لیے دفاع کے بعد سب سے زیادہ بجٹ مختص کرنے کی ترجیحات ہیں اور ہمیں یقین ہے کہ عوام کے تمام مسائل کا حل اور دکھوں کا علاج متحدہ مجلس عمل کے پاس ہے ۔ انہوںنے کہاکہ اگر ایک دن کے لیے بھی ہمیں اقتدار ملا تو ہم نظام مصطفیؐ کا نفاذ کریں گے اور اسی نظام میں ملک و قوم کے مسائل کا حل ہے ۔

سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ نگرانوں کو بار بار پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا کوئی حق نہیں نگران حکومت بھی سابقہ حکومتوں کے نقش قدم پر چل پڑی ہے اور ایک ماہ میں تیل کی قیمتوں میں دو بار اضافہ کر کے عوام کی چیخیں نکال دی ہیں ۔ انہوں نے مطالبہ کیاکہ نگران حکومت پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ واپس لے اور عوام کی پریشانیوں اور مشکلات میں مزید اضافہ نہ کرے ۔