پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا تلخ فیصلہ کرنا پڑا۔نگراں وزیر اطلاعات

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کو ہائی کورٹ میں چیلنج کر دیا گیا

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 2 جولائی 2018 12:08

پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا تلخ فیصلہ کرنا پڑا۔نگراں وزیر ..
اسلام آباد/لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔02جولائی۔2018ء) نگراں وزیر اطلاعات علی ظفر نے کہا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا تلخ فیصلہ کرنا پڑا۔نگراں حکومت کی جانب سے گزشتہ روز دوسری مرتبہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے حوالے سے وضاحتی بیان دیتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ناگزیر تھا۔

علی ظفر نے مزید کہا کہ پاکستان میں بجٹ کا 5 فیصد پانی پر خرچ ہورہا ہے جبکہ دنیا پانی کے مسئلے پر اگلے 40 سال کی منصوبہ بندی کررہی ہے۔نگراں وزیر اطلاعات نے یہ بھی کہا کہ پانی زندگی ہے، جس کے مسئلے کے حل کے لیے سنجیدہ اقدامات کرنا ہوں گے۔دوسری جانب نگراں حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کو ہائی کورٹ میں چیلنج کر دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

جوڈیشل ایکٹوازم پینل کی جانب سے دائر کی گئی درخواست میں کہا گیا ہے کہ نگراں حکومت سابق حکومت کے نقش قدم پر چل کر عوام پر پیٹرول بم گرا رہی ہے، نگراں وفاقی حکومت کو عوامی مشکلات میں اضافے کا کوئی استحقاق نہیں، درخواست میں کہا گیا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات پر اضافی ٹیکسوں سے متعلق سپریم کورٹ نے پہلے ہی از خود نوٹس لے رکھا ہے،عدالتی فیصلہ آنے تک قیمتوں میں بلاجواز اضافہ عوامی حقوق کو ختم کرنے کے مترادف ہے۔

درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے سے عوامی مشکلات میں اضافہ ہوگا،عالمی مارکیٹ کے تناسب سے قیمتوں میں غیر ضروری اضافہ کیا گیا جس سے مہنگائی کا نیا طوفان آئے گا، درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت پیٹرولیم مصنوعات کی قمیتوں میں حالیہ اضافہ کالعدم قرار دے۔واضح رہے کہ نگراں حکومت نے خراب مالی صورت حال کا موقف اپنا کر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کردیا ہے۔