نواز شریف اور چوہدری نثار کے درمیان شکوہ، جواب شکوہ جاری

دونوں رہنماؤں نے ایک دوسرے سے شکوے کر ڈالے

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان پیر 2 جولائی 2018 12:54

نواز شریف اور چوہدری نثار کے درمیان شکوہ، جواب شکوہ جاری
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔02جولائی 2018ء) سابق وزیر اعظم نواز شریف اور سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار کے درمیان دڑاڑیں مزید گہری ہو گئیں۔دونوں رہنماؤں کے درمیان تلخیاں کم نہ ہو سکی۔نواز شریف اور چودھری نثار کے درمیان شکوہ، جواب شکوہ جاری ہے۔دونوں رہنما ایک دوسرے سے ناراض ہیں تا ہم دل کی بات زبان پر لے آئے ہیں۔نواز شریف بھی اب تک چوہدری نثار کے بیانات سے متعلق نہیں بولے تاہم انہوں نے بھی اب چپ کا روزہ توڑ دیا ہے اور کہا کہ چوہدری نثار کی باتیں تکلیف دیتی ہیں۔

نجی ٹی وی چینل کے مطابق سابق وزیر اعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ چوہدری نثار کی باتیں بہت تکلیف دیتی ہیں۔سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار کی باتوں کا نہ تو پہلے جواب دیا اور نہ ہی اب دوں گا،جب کہ دوسری طرف چوہدری نثار کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن میرے خون میں شامل ہے۔

(جاری ہے)

نواز شریف سے پوچھا جائے میں نے کون سی بے وفائی کی ہے۔پارٹی کے اندر سے ہی ٹانگیں کھینچی جا رہی ہیں۔

یاد رہے پاکستان مسلم لیگ نکے منحرف مرکزی رہنماء اور این اے 59 سے آزاد امیدوار چوہدری نثار علی خان نے کہا تھا کہ نوازشریف بتائیں میں ان کے ساتھ کونسی بے وفائی کی ہے؟ معاملات میرے بیانات سے نہیں ان کے بیانیئے کے باعث خراب ہوئے۔ میرا بیانیہ یہی تھا کہ فوج اور عدلیہ کے ساتھ نہ لڑیں ۔اس میں کیا غلط بات ہے؟ میں نے جوراستہ لینا تھا وہ راستہ چن لیا ہے، اب واپسی کا کوئی راستہ نہیں ہے، جنہوں نے گالیاں دیں ان کوٹکٹ دیا گیا۔

انہوں نے مجلس علماء اسلام کی عید ملن پارٹی سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں نے ایسا کوئی کام نہیں کیا جس پرشرمندگی ہو۔ اللہ نے مجھے سچ بات کرنے کی طاقت دی ہے۔ میں بات کرنے سے ہچکچاتا نہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ میرے خاندان اور میرے خون میں ہے۔