پیپلزپارٹی نے4 اہم رہنماؤں کو پارٹی سے نکال دیا

چاروں عہدیداروں کوپارٹی پالیسی کی خلاف ورزی پرنکالا گیا، ان رہنماؤں میں شوکت بسرا، نوشیر لنگڑیال، غلام فرید میرانی اورجاوید اقبال کنجیال شامل ہیں۔ میڈیا رپورٹس

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 2 جولائی 2018 15:30

پیپلزپارٹی نے4 اہم رہنماؤں کو پارٹی سے نکال دیا
لاہور(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔02 جولائی 2018ء) : پاکستان پیپلز پارٹی نے الیکشن کے قریب اہم رہنماؤں کو پارٹی سے نکال دیا ہے،چاروں عہدیداروں کو پارٹی پالیسی کی خلاف ورزی پر پارٹی سے نکالا گیا ہے،ان رہنماؤں میں شوکت بسرا، نوشیر لنگڑیال، غلام فرید میرانی ودیگر شامل ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق صدر جنوبی پنجاب سید مخدوم احمد محمود نے پیپلزپارٹی کی قیادت کی ہدایت پر اپنے چار اہم رہنماؤں کو پارٹی سے نکال دیا ہے۔

چاروں رہنماؤں نے ٹکٹوں کی تقسیم کیخلاف پارٹی پالیسی کی خلاف ورزی کی تھی۔ جس پر پیپلزپارٹی نے شوکت بسرا سمیت چار پارٹی عہدیداروں کو پارٹی سے نکال دیا ہے۔ پیپلزپارٹی جنوبی پنجاب کے صدر نے ملتان کے پارٹی صدرنوشیرلنگڑیال اورجنرل سیکرٹری ڈی جی خان غلام فرید میرانی کو بھی عہدوں سے ہٹا دیا ہے۔

(جاری ہے)

اسی طرح لیہ سے پارٹی کے جنرل سیکرٹری جاوید اقبال کنجیال بھی پارٹی عہدے سے فارغ کردیے گئے ہیں۔

پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کے صدر مخدوم سید احمد محمود نے اعلامیہ جاری کردیا ہے۔ اعلامیہ کے مطابق چاروں عہدیداروں کو پارٹی پالیسی کی خلاف ورزی پر پارٹی سے نکالا گیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ شوکت بسرا اعجازالحق کے مقابلے میں آزاد حیثیت سے الیکشن لڑرہے ہیں۔ دوسری جانب ترجمان پیپلزپارٹی مولا بخش چانڈیو نے لاہور ہائیکورٹ کے جج کے ریمارکس کی تعریف کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ لاہورہائیکورٹ کےجج کے ریمارکس پیپلز پارٹی کی قانون پسندی کا اعتراف ہے۔ پیپلزپارٹی پرہردورمیں مظالم ڈھائے گئے۔ مولابخش چانڈیو نے کہا کہ ہم نے کبھی اداروں سے تصادم نہیں کیا۔ لاہورہائی کورٹ کے جج کے ریمارکس،تاریخ کا ایک اوراعتراف ہے۔ انہوں نے کہا کہ تاریخ نے ہردور میں اعتراف کیا کہ پیپلزپارٹی پرمظالم ڈھائے گئے۔