الیکشن میں کامیابی کے بعد بلوچستان کے پڑھے لکھے نوجوان کے لیے 40 ہزار ملازمتوں کے مواقع پیداکئے جائینگے، پانچ سالوں میں شرح خواندگی کو 80 فیصد تک بڑھانے کے لیے تعلیمی انقلابی پالیسی اختیار کرینگے اور گرلز سکولوں کی تعداد میں 50 فیصد اضافہ کرکے صوبے کے تمام ڈویژنل ہیڈکوارٹرز میں یونیورسٹی کا قیام عمل میں لایا جائے گا

بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات آغا حسن بلوچ ایڈوکیٹ کی ’’اے پی پی‘‘سے بات چیت

پیر 2 جولائی 2018 16:00

کوئٹہ۔02 جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 جولائی2018ء) بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات آغاحسن بلوچ ایڈوکیٹ نے کہا ہے کہ بی این پی نے اپنی انتخابی منشور میں تعلیم،صحت،پاک چین اقتصادی راہدرای منصوبے میں بلوچستان کا حق ،امن وامان کی بحالی سمیت زراعت ،ماہی گیری اور امور حیوانات کے شعبوں کو اپنی ترجیحات میں رکھا ہے ،بلوچستان میں عوام نے بلوچستان نیشنل پارٹی کے امیدواروں کو کامیاب کرایا تو محکمہ تعلیم کو جدید خطوط پر استوار کرتے ہوئے پانچ سالوں میں شرح خواندگی کو 80 فیصد تک بڑھانے کے لیے تعلیمی انقلابی پالیسی اختیار کرینگے اور گرلز سکولوں کی تعداد میں 50 فیصد اضافہ کرکے صوبے کے تمام ڈویژنل ہیڈکوارٹرز میں یونیورسٹی کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔

(جاری ہے)

’’اے پی پی‘‘سے گفتگو کرتے ہوئے آغاحسن بلوچ ایڈوکیٹ نے کہا کہ بلوچستان کے ہر ضلع میں ماڈل ہسپتال کا قیام اور مفت ایمبولینس سروس کا آغاز کیا جائے گا جبکہ صوبے میں بحال امن کے لیے پولیس اور لیویزکو سیاسی مداخلت سے آزاد کرکے انکے اختیارات اور بجٹ میں اضافہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بی این پی نے اپنے انتخابی منشور میں کوئٹہ میں صاف پانی کی فراہمی،ٹریفک نظام کو بہتر بنانے،کوئٹہ کے لیے جدید ماسٹر پلان سمیت صوبے کے زمینداروں کے لیے سولرانرجی سسٹم متعارف کروانے اور گوادر وساحلی علاقوں کے شہریوں کو صاف ومیٹھے پانی کی فراہمی کے لیے اقدامات کئے جائیںگے۔

ایک سوال کے جواب میں بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات آغاحسن بلوچ ایڈوکیٹ پر بتایا کہ بلوچستان میں 947 کالجز تعمیر ونصیرآباد ڈویژن میں زرعی یونیورسٹی کا قیام جبکہ صوبے کے پڑھے لکھے نوجوان کے لیے 40 ہزار ملازمتوں کے مواقع پیداکئے جائینگے۔آغاحسن بلوچ ایڈوکیٹ نے مزید بتایا کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے میں بلوچستان کے لوگوں کو جائز حق دلوانا ،شہدا کے لواحقین کے لیے خصوصی پیکج ،ٹارگٹ کلنگ کا خاتمے بلوچستان نیشنل پارٹی کی انتخابی منشور میں شامل ہیں۔