چیئرمین نیب نے تھرپارکر، مٹھی اور چھاچھرو سندھ کے عوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی میں مبینہ طور پر قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کی شکایت کا نوٹس لے لیا

پیر 2 جولائی 2018 17:59

چیئرمین نیب نے تھرپارکر، مٹھی اور چھاچھرو سندھ کے عوام کو پینے کے صاف ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 جولائی2018ء) قومی احتساب بیورو کے چیئرمین جسٹس(ر) جاوید اقبال نے تھرپارکر، مٹھی اور چھاچھرو سندھ کے عوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی میں مبینہ طور پر قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کرتے ہوئے من پسند کمپنی کو مبینہ طور پر غیر معیاری 450 آر او پلانٹس لگانے کا ٹھیکہ دینے اور لگائے گئے چند آر او پلانٹس مکمل طور پر فعال نہ ہونے اور ان کی مناسب دیکھ بھال نہ ہونے کی وجہ سے زیادہ تر آر او پلانٹ بند ہونے کی شکایت کا نوٹس لیتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ تھر کے عوام کو پینے کا صاف پانی فراہم کرنے والی کمپنی کو قواعد و ضوابط کے برخلاف پوری رقم منصوبہ مکمل ہونے سے پہلے کیسے ادا کر دی گئی اور اس سلسلہ میں سندھ کے متعلقہ سرکاری محکمہ منصوبہ کو مکمل کروانے میں کیوں ناکام رہا اور تھر کے غریب عوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی یقینی بنانے کے بجائے بیشتر آر او پلانٹس کی بندش کے باوجود متعلقہ افسران کیوں خاموش اور اپنی سرکاری ذمہ داریاں ادا کرنے میں مبینہ طور پر کیوں ناکام رہے۔

(جاری ہے)

چیئرمین نیب نے تھر میں آر او پلانٹس کا پانی ٹینکروں کے ذریعے فروخت کرنے کا بھی نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کر لی ہے تاکہ مبینہ بد عنوانی اور نا اہلی کے مرتکب ذمہ داران کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے۔