تعلیمی نظام میں جدت ناگزیرہے جس کے بغیر ہم ترقی یافتہ دور کے چیلنجوں کا مقابلہ نہیں کرسکتے، تعلیمی پسماندگی کے خاتمے کے لئے صرف فنڈز ہی نہیں بلکہ پختہ عزم کی بھی ضرورت ہے،نگران وزیراعلیٰ بلوچستان علاؤالدین مری

پیر 2 جولائی 2018 20:40

کوئٹہ۔02 جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 جولائی2018ء) نگران وزیراعلیٰ بلوچستان علاؤالدین مری نے کہا ہے کہ تعلیمی نظام میں جدت ناگزیرہے جس کے بغیر ہم ترقی یافتہ دور کے چیلنجوں کا مقابلہ نہیں کرسکتے، تعلیمی پسماندگی کے خاتمے کے لئے صرف فنڈز ہی نہیں بلکہ پختہ عزم کی بھی ضرورت ہے جس سے تعلیم کے شعبہ میں انقلابی تبدیلیاں لائی جاسکتی ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے آہنگ آرگنائیزیشن کے زیر اہتمام منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا، وزیر اعلیٰ نے معروف گلوکار، سماجی کارکن اور آہنگ کے سربراہ شہزاد رائے کی تعلیم اور سماجی شعبہ میں خدمات کو سراہتے ہوئے بلوچستان میں لائف سکیلزبیسڈایجوکیشن شروع کرنے کے اقدام کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ اس سے صوبے کے بچوں میں پرائمری سطح پر مختلف مسائل و مشکلات کے حوالے سے شعورو آگاہی ملے گی، وزیر اعلیٰ نے کہا کہ وہ اپنی تجارت کے سلسلے میں کئی ممالک کے دورے کر چکے ہیں اور وہاں کے تعلیمی نظام کا بھی جائزہ لیاہے لیکن ہمارے ملک بلخصوص بلوچستان میں وہی فرسودہ نظام تعلیم رائج ہے جس سے تعلیمی شعبہ جو کسی بھی ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کرتا ہے بہترین طلباء پیدا کرنے سے قاصر ہے ، وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہمیں ترقی یافتہ دنیا کے ساتھ چلنے اور ترقی یافتہ ممالک کی صف میں شامل ہونے کے لئے تعلیمی نظام میں جدت کی اشد ضرورت ہے، وزیر اعلیٰ نے امید ظاہر کی کہ آہنگ آرگنائزیشن تعلیمی ترقی میں حکومت بلوچستان کے ساتھ ہم قدم ہوکر صوبے کے پسماندہ علاقوں میں معیاری اور سیکلڈ بیسڈ تعلیم کی فراہمی میں مدد فراہم کریگی، وزیر اعلیٰ نے کہا کہ تعلیم کا فروغ حکومت بلوچستان کی ترجیحات میں سر فہرست ہے جس کے لئے رواں مالی سال کے بجٹ میں خطیررقم مختص کی گئی ہے جس سے صوبے کے بچوں کے لئے معیاری تعلیم کے ساتھ ساتھ بنیادی سہولتوں کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا جائیگا، وزیر اعلیٰ نے کہا کہ صوبے سے تعلیمی پسماندگی کے خاتمے کے لئے آہنگ جیسے تمام اداروں کی معاونت کا خیر مقدم کریں گے اور صوبے بھر میں بچوں کی سکولوں تک رسائی اور معیاری تعلیم کی فراہمی کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے۔

(جاری ہے)

آہنگ آرگنائزیشن کے روح رواں شہزاد رائے اور ماہرین تعلیم نے بھی سیمنار میں شرکت کی۔