سپورٹس بورڈ پنجاب سپورٹس کا بہترین انفراسٹرکچر بنارہا ہے ، نگران وزیر کھیل شوکت جاوید

پیر 2 جولائی 2018 21:10

لاہور۔2 جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 جولائی2018ء) نگران صوبائی وزیر کھیل و وزیر داخلہ شوکت جاوید نے کہا ہے کہ حکومتوں کا کام انفراسٹرکچر بنانا ہوتا ہے اور سپورٹس بورڈ پنجاب سپورٹس کا بہترین انفراسٹرکچر بنارہا ہے جس سے مستقبل میں سپورٹس کے میدان بہت ترقی ہوگی، سپورٹس کے ترقیاتی منصوبے بھی بنائے جارہے ہیں، کوچنگ کو اہمیت دی جائے اور پنجاب گیمز بھی ضرور منعقد ہونی چاہئیں تاکہ نوجوانوں کا ٹیلنٹ سامنے آسکے، پنجاب کی نگران حکومت صاف اور شفاف انتخابات کرائے گی ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں سپورٹس بورڈ پنجاب کی کارکردگی کا جائزہ لینے کیلئے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر سیکرٹری سپورٹس پنجاب ایوب چودھری، ایڈیشنل سیکرٹری زاہد حسین، ڈپٹی سیکرٹری احمد کمال، ڈائریکٹر پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ اکرم صوبن ، ڈائریکٹر ایڈمن جاوید چوہان، ڈائریکٹر سپورٹس محمد حفیظ بھٹی، ڈائریکٹر انیس شیخ و دیگر افسران بھی موجود تھے، سیکرٹری سپورٹس پنجاب ایوب چودھری نے اجلاس کو بتایا کہ محکمہ سپورٹس صوبہ میں سپورٹس کی ترقی اور فروغ کیلئے بھرپور کام کررہا ہے، نوجوانوں کو سپورٹس کی بہترین سہولتیں فراہم کی گئی ہیں، کئی سپورٹس منصوبے مکمل ہوچکے ہیں جبکہ کئی منصوبے تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں، سیکرٹری سپورٹس پنجاب نے نگران وزیر کھیل و وزیر داخلہ پنجاب شوکت جاوید کو آئندہ کے سپورٹس منصوبوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نگران وزیرکھیل و وزیر داخلہ پنجاب شوکت جاوید نے کہا کہ سپورٹس ایسوسی ایشنز کا سپورٹس کے فروغ میں اہم کردار ہے، سپورٹس بورڈ پنجاب کی جانب سے گرانٹس جاری کرنا احسن اقدام ہے جس سے سپورٹس کی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا، انہوں نے کہا کہ میں خود پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کا نائب صدر ہوں اور 2016 میں برازیل میں ہونیوالے ریو اولمپکس میں پاکستان کی جانب سے چیف ڈی مشن کے طور پر نمائندگی کرچکا ہوں، ایسوسی ایشنز نیا ٹیلنٹ تلاش کرنے میں مددگار ثابت ہوتی ہیں،حکومت کا کام ترقیاتی منصوبے بنانا ہے جبکہ صوبائی سپورٹس تنظیمیں اور پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کھیلوں کے مقابلوں کے انعقاد میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، نگران وزیر کھیل پنجاب نے سپورٹس بورڈ پنجاب کے تعمیر کردہ منصوبوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پنجاب انٹرنیشنل سوئمنگ کمپلیکس حقیقتاً سٹیٹ آف دی آرٹ ہے جس میں عالمی معیار کی سہولتیں فراہم کی گئی ہیں اس لئے ضروری ہے کہ زیادہ سے زیادہ سوئمرز کو مواقع دیئے جائیں، انہوں نے کہا کہ آرچری اور بیس بال کے فروغ کیلئے خصوصی گرائونڈز بنائے جائیں تاکہ کھلاڑی پریکٹس کرسکیں اور نوجوان دلچسپی سے کھیلیں۔