شارجہ:تیز رفتاری دو افراد کی جان لے گئی

مرنے والوں میں 41سالہ افریقی خاتون اور 31 سالہ بنگلہ دیشی شامل ہیں

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 3 جولائی 2018 14:04

شارجہ:تیز رفتاری دو افراد کی جان لے گئی
شارجہ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔3 جُولائی 2018) متحدہ عرب امارت میں ٹریفک خلاف ورزی کی بناء پر جان لیوا حادثات معمول بن چکے ہیں۔ ٹریفک ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے شہریوں کو ٹریفک قوانین کی پابندی کے حوالے سے وقتاً فوقتاً آگاہی مہم بھی شروع کی جاتی ہیں اس کے علاوہ اس حوالے سے سیمینارز اور ورکشاپس کا اہتمام بھی کیا جاتا ہے۔ مگر چند لوگوں کی مہم جویانہ طبیعت دُوسروں کے لیے بھی نقصان دہ اور مہلک ثابت ہو رہی ہے۔

گزشتہ روز پیش آنے والے دو مختلف واقعات میں دو افراد تیز رفتاری کے باعث اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ پہلے واقعے میں افریقی مُلک موریطانیہ سے تعلق رکھنے والی 41 سالہ خاتون ایمریٹس روڈ پر تیز رفتاری کے باعث کار پر قابو نہ رکھ سکی جس کے نتیجے میں کار اُلٹ گئی۔

(جاری ہے)

اس خوفناک حادثے میں خاتون کی موقع پر ہی ہلاکت ہو گئی۔ جبکہ دُوسرا واقعہ انڈسٹریل ایریا میں پیش آیا۔

جس میں تیز رفتار کار بے قابو ہو کر ایک راہگیر پر چڑھ دوڑی جو زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر ہی دم توڑ گیا۔ حادثے کا شکار بننے والے 31 سالہ متوفی کا تعلق بنگلہ دیش سے بتایا جا رہا ہے۔ پولیس نے حادثے کے ذمے دار کار ڈرائیور کو گرفتار کر لیا ہے اور اس کے خلاف مقدمہ درج کر کے پُوچھ گچھ جاری ہے۔ دُوسری جانب ٹریفک ڈیپارٹمنٹ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ شہری گاڑیوں کو مناسب حد رفتار میں چلائیں تاکہ وہ اپنے ساتھ ساتھ دُوسروں کی جانوں کو بھی محفوظ رکھ سکیں۔

امارات میں بڑی تعداد میں ہونے والے کار ایکسیڈنٹ کا سب سے بڑا سبب کار کو ضرورت سے زیادہ تیز چلانا ہے۔ تیز رفتاری کے دوران کار کو قابو رکھنے میں مشکل درپیش آتی ہے۔ ٹریفک ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے حدِ رفتار کی خلاف ورزی کے مرتکب افراد کے خلاف بھاری جرمانے بھی عائد کیے جاتے ہیں مگر لوگ اپنی اس خطرناک روش کو ترک کرنے پر تیار نہیں۔ اور کئی لوگ اپنی مہم جو طبیعت کے باعث دُوسروں کی ہلاکت کا باعث بن کر سلاخوں کے پیچھے بھی جا چکے ہیں۔