اداروں میں اصلاحات متعارف کرانے کی وجہ سے ترقیاتی بجٹ کا استعمال سو فیصد ممکن ہوا، وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمان

منگل 3 جولائی 2018 15:40

گلگت۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جولائی2018ء) وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا ہے کہ حکومت کی بہترین پالیسیوںکی وجہ سے گلگت بلتستان کا ترقیاتی بجٹ 100 فیصد استعمال ہوا ہے، گزشتہ سال بھی گلگت بلتستان کا ترقیاتی بجٹ فنانشل ڈسپلن کے مطابق 100فیصد ہوا تھا جس کی وجہ سے وفاقی حکومت نے گلگت بلتستان کا ترقیاتی بجٹ 8ارب سے بڑھا کر 15کردیا تھا۔

وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے فنانشل ڈسپلن کو مدنظر رکھتے ہوئے 100فیصد ترقیاتی بجٹ کے استعمال کو یقینی بنانے پر تمام محکموں کو سیکریٹریز کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ گلگت بلتستان میں کام کرنے والے سیکریٹریز اور دیگر اعلیٰ افسران خلوص اور جذبے کے ساتھ کام کرتے رہے تو بہت جلد گلگت بلتستان میں ترقیاتی پراجیکٹ پایہ تکمیل کو پہنچ جائیں گے جس سے عوام کو درپیش مسائل کا خاتمہ ہوگا اور ترقی یافتہ گلگت بلتستان کے خواب کو عملی جامعہ پہنایا جاسکے گا۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا ہے کہ سابقہ حکومتوں کے ادوار میں 5 ارب ترقیاتی بجٹ ہوتا تھا جس میں سے 2 ارب روپے لیپس ہوا کرتے تھے، مسلم لیگ( ن) کے قائد محمد نواز شریف کے ویژن کے مطابق گلگت بلتستان نے تعمیر و ترقی کے سفر کو تیز کیا ہے اور اداروں میں اصلاحات متعارف کرائے ہیں جس کی وجہ سے ترقیاتی بجٹ کا استعمال100 فیصد ممکن ہوا ہے۔