نواب شاہ ، پیپلز پارٹی مشکلات کا شکار ، ٹکٹ نہ ملنے پر رہنما آزاد حیثیت میں مدمقابل

منگل 3 جولائی 2018 16:20

نواب شاہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 جولائی2018ء) ضلع نواب شاہ میںپیپلز پارٹی کے سابق اراکین اسمبلی اور رہنما پارٹی ٹکٹ نہ ملنے پر اپنی ہی جماعت کے امیدواروں کے سامنے آزاد حیثیت سے الیکشن لڑنے کے لئے کھڑے ہوگئے ، جس کے نتیجے میں پیپلز پارٹی کی صفوں میں پریشانی کی لہر دوڑ گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق تعلقہ قاضی احمد کے صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی ایس چالیس پر پیپلز پارٹی نے سردار خان محمد ڈاہری کو ٹکٹ دیا ہے جبکہ ان کے مقابلے میں سال 2008اور2013میں پی پی کے ایم پی رہنے والے سید فصیح شاہ جن کا سابقہ حلقہ پی ایس چھبیس جو کہ نئی حلقہ بندی میں پی ایس 39 میں ضم ہوگیا تھا، انہیں پارٹی ٹکٹ نہیں ملا، جس پر انہوں نے آزاد امیدوار کی حیثیت سے کاغذات نامزدگی داخل کرائے اور انہیں نشان بھی الاٹ ہوگیا ہے۔

(جاری ہے)

پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ فصیح شاہ پی پی کے امیدوار کے مقابلے میں الیکشن نہیں لڑیں گے ،تاہم فصیح شاہ کے حامی اس سلسلے میں گومگو کی کیفیت میں مبتلا ہیں ۔ این اے 214 میں بھی دلچسپ صورتحال پیدا ہوگئی ہے، پیپلز پارٹی کی2013میں ایم پی اے بننے والے ڈاکٹر بہادر ڈاھری نے حلقہ این ای214پرپارٹی ٹکٹ نہ ملنے پرآزادحیثیت میں فارم جمع کرایا تھا،ان کو الیکشن کمیشن نے انتخابی نشان ہدہد الاٹ کردیا ہے جبکہ پیپلز پارٹی نے انہیں اس مرتبہ ٹکٹ دینے کے بجائے ان کے کزن سردار خان محمد ڈاہری کو ٹکٹ دیا ہے ،جس کی وجہ سے ڈاہری خاندان میں اختلافات کی اطلاعات ہیں اور سیاسی تجزیہ نگاروں کے مطابق اس نشست پر بھی پیپلز پارٹی کیلئے مشکلات کھڑی ہوسکتی ہیں۔