اے این ایف سندھ کا کارنامہ، پاکستان بیچ سائیکلنگ کی عالمی برادری میں شامل ہوگیا

منگل 3 جولائی 2018 18:45

اے این ایف سندھ کا کارنامہ، پاکستان بیچ سائیکلنگ کی عالمی برادری میں ..
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جولائی2018ء) اینٹی نارکوٹکس فورس سندھ کے کمانڈر بریگیڈیر نورالحسن کی سرپرستی اور سندھ سائیکلنگ ایسوسی ایشن ، سندھ اولمپکس ایسوسی ایشن اور پاکستان اسپورٹس مین لائنز کلب انٹرنیشنل کے زیر اہتمام گذشتہ دنوںمنعقد ہوکربین الاقوامی شہرت حاصل کرنے والی ’’پہلی اینٹی نارکوٹکس فورس سندھ بیچ سائیکلنگ چیمپئن شپ ‘‘ کی بدولت پاکستان بیچ سائیکلنگ کی بین الاقوامی برادری کے چیدہ ممالک میں شامل ہوگیا ہے۔

اینٹی ناکورٹکس فورس سندھ نے منشیات کے خلاف پروگراموں اور کوششوں میں اپنی جدت طرازیوں میں اضافہ کرتے ہوئے کھیلوں کے مقابلوں کو اپنی ترجیہات میں سرفہرست رکھتے ہوئے یہ کارنامہ انجام دیا ہے۔ یہ بات آج پاکستان اسپورٹس مین لائنز کلب انٹرنیشنل اور سندھ سائیکلنگ ایسوسی ایشن کے چیئر مین عابد علی ایڈووکیٹ آف سندھ ہائیکورٹ نے خصوصی بریفنگ میں بتائی۔

(جاری ہے)

بریفنگ میں اس چمیمپن شپ کے چیف آرگنائزر اور سندھ سائیکلنگ ایسو سی ایشن کے جنرل سیکریٹری ملک کلیم احمد اعوان نے کہاکہ اینٹی نارکوٹکس فورس سندھ کے کمانڈر بریگیڈیر نورالحسن نے انتہائی شفقت و محبت کا مظاہرہ کرتے ہوئے سائیکلسٹوں کو عظیم کارنامہ انجام دینے کا موقع فراہم کیا اور تمام تر سہولیات فراہم کرتے ہوئے ناممکن کام کو ممکن کردیکھایا اور ثابت کیا کہ جو کام کوئی نہیں کرسکتا وہ اینٹی نارکوٹکس فورس سندھ کے افسران و جوان کرسکتے ہیں۔

عابد علی ایڈووکیٹ نے بیچ سائیکلنگ چیمپئن شپ کی کامیابی میں اہم کردار ادا کرنے پر پاکستان رینجرز سندھ ، انسپکٹر جنرل آف سندھ پولیس، ڈیفنس ہاؤسنگ سوسائٹی اور کلفٹن کنٹونمنٹ بورڈکا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا ہے کہ جن کے تعاون کی بدولت پاکستان دنیا کے ان چیدہ ممالک میں شامل ہوگیا ہے جہاں سمندر و ریت میں سائیکلنگ کے مقابلے ہوتے ہیں۔ دریں اثناء عابد علی ایڈووکیٹ نے آئندہ ہونے والی بیچ سائیکلنگ چیمپن شپ کو بین الاقوامی سطح پر کرنے کا اعلان کردیا ہے۔