فیصل آباد کے قومی وصوبائی اسمبلیوں کے حساس پولنگ سٹیشنز کی سکیورٹی کیلئے غیر معمولی حفاظتی اقدامات کی ہدایت

منگل 3 جولائی 2018 19:32

فیصل آباد۔3 جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جولائی2018ء) فیصل آباد کے قومی وصوبائی اسمبلیوں کے حساس پولنگ سٹیشنز کی سکیورٹی کیلئے غیر معمولی حفاظتی اقدامات کی ہدائت کر دی گئی ہے اور کہا گیا ہے کہ قومی و صوبائی اسمبلیوں کے حلقہ جات این اے 104چک جھمرہ ، این اے 102 جڑانوالہ ، این اے 104 سمندری، این اے 106اور این اے 108 فیصل آباد جبکہ صوبائی حلقوں پی پی 97، پی پی98، پی پی105،پی پی 107،پی پی111، پی پی 114 اور پی پی 115 میںمختلف متحارب سیاسی جماعتوں کے امیدواران اور ان کے حامیوں میں کشیدگی کا خدشہ ہے لہٰذا ان حلقہ جات میں امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کیلئے انہیں کیٹیگری اے میں رہتے ہوئے وہاں اضافی نفری تعینات کی جائے گی اور فوجی جوانوں کو بھی لا ء اینڈ آرڈر برقرار رکھنے کی ذمہ داری تفویض کی جائے گی۔

(جاری ہے)

الیکشن کمیشن آف پاکستان فیصل آباد ریجن کے ذرائع نے بتایا کہ متعلقہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے ضلع فیصل آباد کے قومی اسمبلی کے 10اور صوبائی اسمبلی کے 11حلقوں کے تمام پولنگ سٹیشنز میں سے 100کے قریب پولنگ سٹیشنز کو حساس قرار دیا گیا ہے۔انہوںنے بتایاکہ ان حلقوں میں انتخابی مہم کے دوران ہونے والی کارنر میٹنگز، ریلیوں اور جلسوں کی مکمل نگرانی کیلئے ضلعی پولیس کو انتظامات مزید سخت بنانے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔

انہوںنے بتایاکہ ان حلقوں میں امیدواروں کے انتخابی دفاتر میں کم فاصلوں کے باعث ان کی تبدیلی کی بھی تجویز دی گئی ہے اور کہا گیا ہے کہ مخالف امیدواروں کے دفاتر میں فاصلہ رکھا جائے جبکہ ساؤنڈ سسٹم ایکٹ کے تحت انتخابی دفاتر میں اونچی آواز میں ڈیک کے استعمال پر پابندی کو بھی یقینی بنایا جائے اور انتخابی دفاتر کے باہر عوامی جگہ کے استعمال پر پابندی کی بھی تجویز دی گئی ہے۔

انہوںنے بتایاکہ ان حلقوں میں امیدواروں کو پابند بنایا جا رہا ہے کہ وہ اپنی کارنر میٹنگز ،ریلیوں اور جلسوں کی پیشگی اطلاع دینے کے ہر صورت پابند ہوں گے بصورت دیگر ان کے خلاف مقدمات درج کئے جائیں گے اور الیکشن کمیشن آف پاکستان کے انتخابی ضابطہ اخلاق کے تحت سخت ترین قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔