آزادکشمیر ،علاقائی ،قبیلائی تعصب کا متحمل نہیں ہوسکتا،راجہ محمد فاروق حیدرخان

دوستوں کے کندھے پر بیٹے کوبٹھا کر سیاست میں آگے نہیں لائوں گا، وزات اعظمیٰ کی کرسی میرے والد صاحب کی جاگیر نہیں جو اختیار ات آزادکشمیر حکومت کو ملے ہیں بڑے بڑے ناموں نے انھیں سرنڈر کرتے دیکھا ،سردار عتیق احمد خان نے ساری زندگی ایک روپیہ ٹیکس نہیں دیا ،قومی سلامتی کمیٹی کے اراکین کا بطور خاص شکرگزار ہوں جنھوں نے آزاد کشمیر حکومت کو بااختیار بنایا،حکومت عوام کو علاج معالجہ کی بہتر سہولیات ان کی دہلیز پر فراہم کرنے کیلئے اقدامات کر رہی ہے، ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال جرمن حکومت اور عوام کا آزاد کشمیر کے لئے عظیم تحفہ ہے ، ڈسٹرکٹ ہسپتال باغ کے افتتاح کے موقع پر تقریب سے خطاب

منگل 3 جولائی 2018 19:47

باغ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 جولائی2018ء) وزیر اعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدرخان نے کہا ہے کہ آزادکشمیر ،علاقائی ،قبیلائی تعصب کا متحمل نہیں ہوسکتا 13 ویں آئینی ترامیم سے آزادکشمیر اسمبلی اور حکومت با اختیار ہوئی ہے میں اپنے دوستوں کے کندھے پر بیٹے کو بیٹھا کر سیاست میں آگے نہیں لائوں گا اگر محنت سے آگے آتا ہے تو آئے وزات اعظمیٰ کی کرسی میرے والد صاحب کی جاگیر نہیں جو اختیار ات آزادکشمیر حکومت کو ملے ہیں بڑے بڑے ناموں نے انھیں سرینڈر کرتے دیکھا سردار عتیق احمد خان نے ساری زندگی ایک روپیہ ٹیکس نہیں دیا البتہ خزانہ سرکار کے پال پر پلتے رہے ۔

قومی سلامتی کمیٹی کے اراکین کا بطور خاص شکرگزار ہوں جنھوں نے آزاد کشمیر حکومت کو بااختیار بنایا زندگی کا پتا نہیں اقتدار کی مدت کا تعین رب العزت نے کرنا ہوتا ہے جو مدت باقی بچی اللہ نے موقع دیا تو ڈٹ کر عوام کی خدمت کریں گے ۔

(جاری ہے)

این ایف سی ایوارڈ میں آزاد کشمیر کاحصہ کم کرنے میں کسی جماعت نے آواز نہیں اٹھائی تھی لیکن ہم نے اس وقت بھی بات کی اور جب بھی موقع ملا وفاقی محصولات میں حصہ 2.4 سے بڑھا کر 3.6 کیا حکومت عوام کو علاج معالجہ کی بہتر سہولیات ان کی دہلیز پر فراہم کرنے کے لئے اقدامات کر رہی ہے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال جرمن حکومت اور عوام کا آزاد کشمیر کے لئے عظیم تحفہ ہے جس میں جدید طرز آلات اور سہولیات علاج معالجہ کے لئے مہیا ہیں ہم جرمن حکومت کے شکر گزار ہیں کہ انھو ں نے زلزلہ کے بعد متاثرہ لوگو ں کی بڑھ چڑ ھ کر مدد کی اور باغ ،مظفر آباد ،فاروڈ کہوٹہ میں بہترین ہسپتال تعمیر کر کے دے رہے ہیں ،ڈسٹرکٹ ہسپتال باغ کے 150 بیڈزسے درجہ بڑھا کر 250 بیڈزکا ہسپتال قائم کرنے کا اعلان کرتا ہوں ڈاکٹرز کے لئے رہائشی ہاسٹلز ہسپتال کی بائونڈری وال اسی سال تعمیر کرنے اور ہسپتال میں صفائی ستھرائی کے لئے 12 لاکھ روپے دینے کا اعلان بھی کیا ۔

ان خیالا ت کا اظہار انھوں نے ڈسٹرکٹ ہسپتال باغ کا افتتاح کرنے کے بعد تقریب میں بحثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا اس تقریب سے وزیر صحت و خزانہ ڈاکٹر نجیب نقی ،وزیر جنگلات سردار میر اکبر خان ،وزیر اطلاعات راجہ مشتاق منہاس ممبر قانون ساز اسمبلی عبدالرشید ترابی،کنٹری ڈاریکٹر کے ایف ڈبلیو جرمن ڈویلپمنٹ بینک MR WOLFGANG MOLLERS سیکرٹری صحت عامہ میجر جنرل خالد حسین اسد، ایم ایس باغ ڈاکٹر ادریس ،اور دیگر نے خطاب کیا اس موقع پر وزیر تعمیر ات عامہ چوہدری محمد عزیر برگیڈ کمانڈر باغ امجد اقبال ،سی ایم ایچ راولاکوٹ کے کمانڈنگ آفیسر بریگیڈر لیاقت خان ،ایم ڈی ایس باغ کے کمانڈنگ آفیسر لیفٹینٹ کرنل ڈاکٹر ادریس بٹ ،ڈی جی صحت عامہ محمدصابر عباسی ،ضلع باغ کے مختلف شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی اس سے قبل وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر ہسپتال پہنچے تو ان کا انتہائی پرتپاک استقبال کیا گیا۔

وزیر اعظم آزاد کشمیر نے ہسپتال کا باقاعدہ فیتہ کاٹ کر افتتاح کیا اس کے بعد انھوں نے ہسپتال کے مختلف شعبوں واڈز ،ایکسرے روم ،لیبارٹری ،اور دیگر شعبوں کا معائنہ بھی کیا ۔