ٹیکس ایمنسٹی اسکیم میں ایک ماہ کی توسیع حکومت کا قابل ستائش اقدام ہے،شیخ عامر وحید

منگل 3 جولائی 2018 20:39

ٹیکس ایمنسٹی اسکیم میں ایک ماہ کی توسیع حکومت کا قابل ستائش اقدام ہے،شیخ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 03 جولائی2018ء) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر شیخ عامر وحید نے کہا کہ صدارتی آرڈیننس کے ذریعے ٹیکس ایمنسٹی ا سکیم میں ایک ماہ کی توسیع حکومت کا ایک قابل ستائش اقدام ہے کیونکہ اس سے ملک کے ٹیکس نیٹورک میں وسعت پیدا ہو گی اور حکومت کے ٹیکس ریونیو اضافہ ہو گا جو معیشت کیلئے فائدہ مند ثابت ہو گا۔

شیخ عامر وحید نے کہا کہ ٹیکس ایمنسٹی ا سکیم کا اعلان 9اپریل2018 کو کیا گیا تھا لیکن یہ اسکیم سپریم کورٹ میں زیر غور رہی اور 12جون 2018کو جب سپریم کورٹ نے اسکیم کو کلیئر کیا تو بعد میں عید کی چھٹیاں آ گئیں جس کے بعد کم دن رہ گئے تھے جس وجہ سے سب لوگ اس سے فائدہ اٹھانے کی پوزیشن میں نہیں تھے۔ یہی وجہ تھی کہ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری سمیت ملک کے تمام اہم چیمبرز آف کامرس اور دیگر تاجر تنظیمیں ایمنسٹی اسکیم میں توسیع کا مطالبہ کرتی رہیں۔

(جاری ہے)

انہوںنے ایمنسٹی اسکیم میں توسیع کے تاجر برادری کے مطالبے کو پورا کرنے پر حکومت کا شکریہ ادا کیا کیونکہ اس سے ملک کیلئے فائدہ مند نتائج برآمد ہوں گے۔شیخ عامر وحید نے کہا کہ ایف بی آر موجودہ مالی سال کے دوران ٹیکس ریونیو کا مقررہ ہدف حاصل نہیں کر سکا تاہم انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ ٹیکس ایمنسٹی اسکیم میں ایک ماہ کی توسیع کی وجہ سے ملک کے ٹیکس ریونیو میں اضافہ ہو گا، بجٹ اور کرنٹ اکائونٹ خسارہ کم ہو گا، ادائیگیوں کا توازن بہتر ہو گا اور دستاویزی معیشت کی طرف مثبت پیش رفت ہو گی۔

انہوںنے تاجر برادری اور تمام ممکنہ بینیفشریز پر زور دیا کہ وہ ایمنسٹی اسکیم سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھائیں اور معمولی ٹیکس ادا کر کے اپنے تمام خفیہ اثاثے ظاہر کریں کیونکہ شا ید مستقبل میں ان کو اس طرح کا اچھا موقع نہ ملے۔انہوں نے کہا کہ پوری دنیا میں ٹیکس قوانین کو تبدیل کیا جا رہا ہے جس وجہ سے اثاثے خفیہ رکھنا مزید مشکل ہو جائے گا۔

انہوںنے کہا کہ لوگوں کیلئے یہ ایک اچھا موقع ہے کہ وہ ایمنسٹی اسکیم سے فائدہ اٹھا کر دستاویزی معیشت کا حصہ بن جائیں اور آئندہ کیلئے مشکلات سے بچ جائیں۔شیخ عامر وحید نے ایف بی آر پر زور دیا کہ وہ میڈیا اور دیگر ذرائع کو استعمال میں لاتے ہوئے ایمنسٹی اسکیم کے بارے میں زیادہ سے زیادہ آگاہی پید اکرنے کیلئے بھرپور مہم چلائے تا کہ تمام ممکنہ بینیفشریز اس اسکیم سے فائدہ اٹھا کر ملک و قوم اور معیشت کی ترقی میں مزید فعال کردار ادا کر سکیں اور معیشت بہتری کی طرف گامزن ہو۔