انتخابات شہری سندھ کے مستقبل کے حوالے سے اہم ہیں،آفاق احمد

مہاجر اتحاد سے خائف عناصر انتخابات کے حوالے سے ابہام پیدا کررہے ہیں، غیروں کا تسلط قبول کرنا مہاجروں کی فطرت نہیں، اس بار مینڈیٹ تقسیم نہیں منتقل ہوگا

منگل 3 جولائی 2018 21:56

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 جولائی2018ء) مہاجر قومی موومنٹ (پاکستان) کے چیئرمین آفاق احمد نے کہا کہ اس بار انتخابات شہری سندھ کی قسمت کا فیصلہ کرنے کے حوالے سے اہم ہیں، مہاجر عوام اس بار کسی کے بھی کہنے پر اپنا ووٹ ہرگز ضائع نہ کریں اور اپنا ووٹ تقسیم ہونے سے بچا کر موم بتی کو دیں کیونکہ موم بتی کا نشان ہی جنوبی سندھ صوبہ کا نشان اور قوم کے مسائل حل کرنے کا ذریعہ ہے جسے ہر حال میں اسمبلیوں تک پہنچانا ہوگا۔

اپنی رہائش گاہ پر بندھانی کالونی سے آنے والے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے آفاق احمد نے کہا کہ غیر منقسم سندھ میں مہاجروں کے مسائل حل ہوتے نظر نہیں آرہے اس لئے سندھ کی انتظامی بنیادوں پر تقسیم اور جنوبی سندھ صوبہ کا قیام ضروری ہے ، جو عناصر الیکشن کے انعقاد کے حوالے سے ابہام پیدا کررہے ہیں وہ دراصل مہاجر قوم کے اتحاد سے خائف ہیں ،مہاجر عوام کسی کے بہکاوے میں آنے یا افواہوں پر کان دھرنے کی بجائے اپنا ووٹ لازمی کاسٹ کریں ، مجھے یقین ہے کہ اس بار مینڈیٹ تقسیم نہیں منتقل ہوگا۔

(جاری ہے)

آفاق احمد نے کہا کہ جو لوگ مہاجروں کی نفسیات سے ناواقف ہیں وہی بار بار تقسیم کا شوشہ چھوڑ رہے ہیں ، مہاجروں میں جتنے بھی باہمی تنازعات ہوں ! کسی دوسرے کی حکمرانی یا تسلط قبول کرنا فطرت نہیں ، اسکا مظاہرہ الیکشن میں قوم ایک بار پھر کرے گی ۔ آفاق احمد نے کہا کہ جن لوگوں نے قوم کا پیسہ کھایا، کراچی کو کھنڈر بنایا، شہریوں کو تڑپایا اور قوم کا مستقبل تاریک بنایا انہیں اس بار شکست سے دوچار کرنا مہاجر قوم کی اولین ذمہ داری ہونی چاہئے ، مجھے یقین ہے کہ باشعور مہاجر قوم ناصرف اپنی ذمہ داریوں سے بخوبی آگاہ ہے بلکہ ان ذمہ داریوں سے احسن طریقے سے عہدہ برا ہونا بھی جانتی ہے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ 25جولائی کا دن مہاجروں کے اتحاد کے حوالے سے اہم ہے ، اس دن گھر بیٹھنے کی بجائے پوری قوم اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے کیلئے پولنگ اسٹیشن پہنچے اور موم بتی پر مہر لگا کر اپنی مشکلات کے خاتمے کی جانب قدم بڑھائے۔