کچرا پھیلانے والے گرفتار ، بلدیہ وسطی کی تاریخ میں پہلی ایف آئی آر درج

منگل 3 جولائی 2018 22:28

کچرا پھیلانے والے گرفتار ، بلدیہ وسطی کی تاریخ میں پہلی ایف آئی آر ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 جولائی2018ء) تاریخ میں پہلی مرتبہ بلدیہ وسطی میں کچرا پھیلانے والے افراد کو باقاعدہ ایف آئی آر درج کراکے گرفتار کرادیا گیا۔عوام میں سوک سینس سے آگہی دینے کے لئے مختلف علاقوں میں رضاکاروں کو تعینات کیا جائے گاخصوصی اجلاس میں فیصلہ۔تفصیلات کے مطابق بلدیہ وسطی کراچی میں جاری صفائی مہم کو بہتر سے بہتر اور مزید اثر انگیز بنانے کے لئے لا ئحہ کو حتمی شکل دینے کے لئے چیئرمین بلدیہ وسطی ریحان ہاشمی نے اپنے دفتر میں ضلع وسطی سے تعلق رکھنے والے بلدیاتی افسران کا خصوصی اجلاس طلب کیا ، جس میں موجودہ صفائی مہم کو بہتر بنانے کے لئے طریقہٴ کار پر استفسارکیا گیا۔

بلدیاتی افسران نے اپنی اپنی پروفیشنل آرأ سے چیئرمین کو آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

افرادی قوت کے سسٹمیٹک اور چوبیس گھنٹے استعمال کو اہمیت دی گئی۔ تاہم دستیاب مشینری کے استعمال پر زور اور پرائیویٹ اداروں سے حتی المقدور مشینری کرائے پر نہ لینے پراتفاق کیاگیا۔ اس موقع پر تمام اجلاس نے اس بات کوسب سے زیادہ اہمیت دی کہ ہمارے عوام کو معاشرے میں رہنے سہنے ، عوام کے عوام سے اور حکومت و عوام کے درمیان تعاون بہتر تعلقات کی اہمیت سے آگاہی مہیاکرنے کے لئے خصوصی اقدامات کئے جائیںجبکہ کوڑا کرکٹ پھینکنے سے روکنے کے لئے باقاعدہ بلدیاتی رضاکاروں کو تعینات کیا جائے تاکہ وہ عوام کو صحیح جگہ پر کوڑا کرکٹ پھینکنے کی تلقین کریں اور سمجھائیں کہ کوڑاکرکٹ صحیح طریقے سے ڈسپوز کرنے میں اُن کا ہی فائدہ ہے۔

تاہم سڑک پر کوڑا کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گابلا سوچے سمجھے کوڑاکرکٹ پھیلانے والے عناصر کے خلاف قانونی کاروائی کرنے پر زور دیا گیا۔ واضح رہے کہ کوڑا غلط جگہ پھینکنے پر ذکریا اسکول، بلاک ایف،کوثر نیازی کالونی نارتھ ناظم آباد کے رہائشی دولت خان ولد دنیا خان اور رحمت ولد جنت گُل کے خلاف حیدری مارکیٹ تھانے میں ایف آئی آر درج کرائی جاچکی ہے اور ملزمان گرفتارکئے جاچکے ہیں۔