Live Updates

متحدہ مجلس عمل توانائی بحران کا خاتمہ کرے گی ، سستی بجلی کی فراہمی ، پانی کی قلت کے خاتمہ کے لیے ڈیم تعمیر ہوں گے ‘لیاقت بلوچ

متحدہ مجلس عمل پاکستان میں تعمیری نظریاتی اور عوامی فنون لطیفہ کی حوصلہ افزائی کرے گی ،اساتذہ کے ذریعے قومی لائحہ عمل بنائے گی ‘سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی

منگل 3 جولائی 2018 22:48

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 جولائی2018ء) متحدہ مجلس عمل اور جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل اور این اے 130 لاہور سے امیدوار قومی اسمبلی لیاقت بلوچ نے این اے 130 کی انتخابی مہم کے دوران کارنر میٹنگز ، خواتین کنونشن ، یوتھ کنونشن اور حلقہ کی انتخابی کور کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ حلقہ کے عوام نے انتخابی مہم میں بھرپور محبت اور دلچسپی کا اظہار کیاہے ۔

مسلم لیگ ن ، تحریک انصاف اور پی پی پی کے سیاسی انتخابی جمہوری کلچر سے ووٹر بے زار ہیں ۔ متحدہ مجلس عمل کے قیام نے شائستہ ، دینی ووٹرز اور محب وطن اقلیتوں کو متوجہ کیا اور حوصلہ دیا ہے ۔ متحدہ مجلس عمل توانائی بحران کا خاتمہ کرے گی ، سستی بجلی کی فراہمی ، پانی کی قلت کے خاتمہ کے لیے ڈیم تعمیر ہوں گے ۔

(جاری ہے)

بھارتی آبی جارحیت کا موثر سیاسی قانونی سفارتی اور انتظامی تدارک کیا جائے گا ۔

لیاقت بلوچ نے کہاکہ متحدہ مجلس عمل پاکستان میں تعمیری نظریاتی اور عوامی فنون لطیفہ کی حوصلہ افزائی کرے گی اور ثقافتی محاذ پر قیام پاکستان کے مقاصد اور آئین کے رہنما اصولوں کے مطابق دانشور وں ، ادیبوں ، شاعروں اور اساتذہ کے ذریعے قومی لائحہ عمل بنائے گی ۔ دولت کمانے اور خرچ کرنے کے حرام ذرائع بند اور حلال ذرائع کو فروغ دے گی ۔ اسراف کا خاتمہ اور سادگی کو عام کر کے و ی آئی پی کلچر کی بیخ کنی کی جائے گی ۔

دریں اثنا لیاقت بلوچ کی زیرصدارت ایم ایم اے کے راہنمائوں کا مرکزی مشاورتی اجلاس ہوا۔ اجلاس میں 4 جولائی کو مرکزی کونسل کے اجلاس کی تفصیلات اور رابطہ عوام مہم کے آخری مراحل کو حتمی شکل دی گئی ۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے لیا قت بلوچ نے کہاکہ متحدہ مجلس عمل ملتان، کوئٹہ ، کراچی ، بنوں ، راولپنڈی ، مالاکنڈ ، ہزارہ میں جلسہ ہائے عام منعقد کرے گی اور مرکزی قائدین ملک بھر کا طوفانی دورہ کریں گے ۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات