نوازشریف کی پاک فوج کو بدنام کرنے اور قادیانیوں کو مسلمان قرار دینے کی سازش سب کے سامنے ہے‘ مونس الٰہی

شریف خاندان کی کرپشن سامنے آ گئی، گجرات میں بھی کارڈیالوجی ہسپتال بنائیں گے جہاں مفت علاج ہو گا‘اجتماع سے خطاب لله

منگل 3 جولائی 2018 22:48

نوازشریف کی پاک فوج کو بدنام کرنے اور قادیانیوں کو مسلمان قرار دینے ..
لاہور/گجرات(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 جولائی2018ء) پاکستان مسلم لیگ کے مرکزی رہنما مونس الٰہی نے کہا ہے کہ نواز شریف کی پاک فوج کو بدنام اور قادیانیوں کو مسلمان قرار دینے کی سازش سب کے سامنے ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوازشریف کی قیادت میں ایک لابی موجود ہے جس نے قادیانیوں کے خلاف پارلیمنٹ کے تاریخی فیصلے کو بدلنے کی کوشش کی۔

وہ موضع کوٹ موجدین میں چودھری صفدر ممتاز سندھو اور ان کے ساتھیوں کی ن لیگ چھوڑ کر پاکستان مسلم لیگ میں شمولیت کے موقع پر بڑے اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔ مونس الٰہی نے کہا کہ شریف خاندان تیس سال سے یہ رونا رو رہا تھا کہ کوئی ثابت کرے کہ ہم نے ایک دھیلے کی بھی کرپشن کی ہو، اب تو بچے بچے کو پتہ ہے کہ شریف خاندان چور اور کرپٹ ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہمیں ماضی کے سب اختلافات بھلا کر پاکستان مسلم لیگ کو کامیاب کرنا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ گجرات سمیت سارے پنجاب کا بجٹ لاہور میں ناکام منصوبوں اور سکیموں میں لگا دیا ہے تاکہ بڑے پراجیکٹس میں اربوں روپے کمیشن کھائی جائے، نوازشریف بیرونی قوتوں سے مل کر پوری دنیا میں پاک فوج کو بدنام کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اور وہ پاکستان کیلئے سکیورٹی رسک سے کم نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ہی آپ کی اصل نمائندہ اور قائداعظم کی جماعت ہے۔

انہوں نے کہا کہ گجرات اور پنجاب میں جو بھی کام ہوئے ہمارے دور میں ہوئے اس کے بعد آج تک گجرات میں کوئی میگاپراجیکٹ نہیں بن سکا، ہم نے وزیر آباد کارڈیالوجی ہسپتال بنوایا اب عوام کی مدد سے اللہ تعالیٰ نے دوبارہ موقع دیا تو انشاء اللہ گجرات میں بھی کارڈیالوجی ہسپتال بنائیں گے جہاں مفت علاج ہو گا تا کہ آپ لوگوں کو علاج کیلئے لاہور نہ جانا پڑے۔

اس موقع سابق صوبائی وزیر میاں عمران مسعود، چودھری اعجاز آف شاہدولہ ٹائون، چودھری ظہور ساہی، چیئرمین چودھری غلام رسول شارق، چیئرمین چودھری پرویز بشیر، چودھری طارق دراجی، چیئرمین چودھری سیف اللہ ساہی، چیئرمین چودھری محمد افضل، چودھری وارث سندھو، چودھری نعمان اکبر وڑائچ، چیئرمین چودھری نثار احمد، چیئرمین چودھری امجد اقبال بٹ اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔