Live Updates

آج لاہور کے عوام جس آزمائش میں مبتلا ہیں یہ ن لیگ کی حکومت کے تحفے ہیں، شمس الرحمن سواتی

منگل 3 جولائی 2018 23:01

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 جولائی2018ء) صدر متحدہ مجلس عمل ضلع راولپنڈی وجماعت اسلامی کے ضلعی امیر شمس الرحمن سواتی نے کہا ہے کہا آج لاہور کے عوام جس آزمائش میں مبتلا ہیں یہ ن لیگ کی حکومت کے تحفے ہیں پورے صوبے کا بجٹ لاہورمیں لگانے کے باوجود کرپٹ ٹولہ نکاسی آب کادرست انتظام تک نہ کرسکا اوراب یہ ٹولہ ایک بارپھرپنجاب سمیت پاکستان بھرکے عوام سے ووٹ کا مطالبہ کررہا ہے،پشاور، لاہور اورکراچی کے عوام کومسائل کی دلدل میں دھکیلنے والی تحریک انصاف،ن لیگ اورپیپلزپارٹی کی ٹرائیکا ملک وقوم کی دشمن ہے عوام آزمائے ہوئی کرپٹ اشرافیہ کوباربارآزمانے کی بجائے متحدہ مجلس عمل کے کلین اورشفاف امیدواروں کاانتخاب کرے۔

ان خیالات کااظہارانھوں نے کشمیری کمیونٹی کے نمائندہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،اس موقع پر راولپنڈی میں مقیم کشمیری کمیونٹی کی تنظیموں نے پی پی 13سے ایم ایم اے کے نامزد امیدوارمحمد تاج عباسی کی مکمل حمایت اوران کی انتخابی مہم کوبھرپوراندازمیں چلانے کااعلان بھی کیا ۔

(جاری ہے)

شمس الرحمن سواتی نے کہاکہ کشمیر کازکیلئے جماعت اسلامی کی قربانیاں روزروشن کی طرح عیاں ہیں آزادی کشمیرحقیقت میں تکمیل پاکستان کی جنگ ہے ،70برس سے بددیانت حکمرانوں کی پالیسیوں کی وجہ سے آج کشمیر سے آنے والے دریائوں پر ہندوستان نے ڈیم بنائے جس کے باعث پاکستان بنجرہورہا ہے ،کشمیر کی آزادی کیلئے جماعت اسلامی کسی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی ۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات