نظام مصطفی ﷺ کا نفاذ ہی ہمارے تمام مسائل کا حل ہے،میاں مقصود احمد

منگل 3 جولائی 2018 23:01

نظام مصطفی ﷺ کا نفاذ ہی ہمارے تمام مسائل کا حل ہے،میاں مقصود احمد
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 جولائی2018ء) امیر جماعت اسلامی پنجاب اور صدر متحدہ مجلس عمل پنجاب میاں مقصود احمد نے کہا ہے کہ نظام مصطفی ﷺ کا نفاذ ہی ہمارے تمام مسائل کا حل ہے۔ ان شا اللہ ! ایم ایم اے الیکشن 2018 میں کامیابی سے ہمکنار ہوگی ۔پاکستان کو حقیقی معنوں میں اسلامی اور خوشحال ملک بنائیں گے۔14 جولائی کو لیاقت باغ میں ایم ایم اے کے مرکزی قائدین خطاب کریں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز دفتر جماعت اسلامی ضلع راولپنڈی سید مودودی ؒ بلڈنگ میں متحدہ مجلس عمل ضلع راولپنڈی کے ایک اجلاس میں خصوصی شرکت کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس اجلاس میں ایم ایم اے ضلع راولپنڈی کے صدر شمس الرحمان سواتی ،ْ جنرل سیکرٹری ڈاکٹر ضیا الرحمان ،ْامیر جمعیت علماء اسلام (ف) مولانا تاج محمد خان ،ْمولانا عبد الغفار توحیدی ،ْاسلامی تحریک کے علامہ نصیر موسوی ،ْ جمعیت علماء پاکستان کے صدر حافظ محمد حسین ،ْ طارق منیر بٹ ،ْامیر جماعت اسلامی سٹی ڈسٹرکٹ راولپنڈی سید عارف شیرازی ،ْنائب امیر سید عذیر حامد ،ْمحمد حنیف چوہدری اور دوسرے رہنمائوں نے بھی شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں ایم ایم اے کے امیدواروں کی الیکشن مہم اور دیگر امور کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ 5 جولائی کو آرٹس کونسل اور 6 جولائی کو اڈیالہ روڈ پر علماء کنونشنز منعقد کئے جائیں گے۔ جبکہ 8 جولائی کو این اے 61 کا ورکرز کنونشن ہوگا۔شمس الرحمان سواتی نے کہا کہ ٹکٹوں کی تقسیم کا فیصلہ ایک مشکل مرحلہ تھا ،ْجو کہ تمام جماعتوں کے ذمہ داران کے تعاون ،ْرواداری اور محبت و اخوت کے جذبے سے خوش اسلوبی سے طے کیا گیا ہے۔

الحمد للہ ! عوام کی طرف سے بہت اچھا رسپانس ملا ہے۔علامہ نصیر موسوی نے کہا کہ کتاب کی کامیابی کے لئے دن رات محنت کریں گے۔عبدالغفار توحیدی نے توجہ دلائی کہ نچلی سطح پر اور گلی محلے میں تمام جماعتوں کے رہنما مل کر لوگوں کے پاس جائیں ۔ ایم ایم اے کے منشور اور پروگرام کو ہر گھر تک پہنچائیں گے۔طارق منیر بٹ نے کہا دوسرے امیدواروں کے پاس وسائل ہیں۔ہمارے پاس مخلص ورکرز ہیں۔حافظ محمد حسین نے کہا کہ اپنا پیغام عام آدمی تک پہنچانا ہے۔مولانا تاج محمد خان نے کہا کہ ایم ایم اے ہی ملک کو مسائل سے نکالے گی۔ سید عارف شیرازی نے کہا کہ راولپنڈی ضلع کی ایم ایم اے میں مکمل ہم آہنگی پائی جاتی ہے۔ مثالی اتحا د ہے۔