پینے کا صاف پانی ، روزگار ، تعلیم اور صحت عوام کے بنیادی حل طلب مسائل ہیں،حاجی محمد گلزار اعوان

منگل 3 جولائی 2018 23:01

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 جولائی2018ء) پاکستان پیپلز پارٹی اُمیدوار برائے قومی اسمبلی حلقہ این اے 61 حاجی محمد گلزار اعوان نے کہا ہے کہ پینے کا صاف پانی ، روزگار ، تعلیم اور صحت عوام کے بنیادی حل طلب مسائل ہیں جن پر ن لیگ کی حکومت نے گذشتہ پانچ سالہ دور اقتدار میں کوئی توجہ نہیں دی ․ عوام ن لیگی امیدواروں سے پوچھیں کہ انہوں نے گذشتہ الیکشن میں لوڈ شیڈنگ کے مکمل خاتمے کے مژدے سنائے تھے مگر آج بھی عوام کو بجلی دستیاب نہیں ․ کیا اب بھی عوام ان کے جھوٹے اور کبھی نہ پورے ہونے والے وعدوںاور دعوئوں پر یقین کریں گے ․ پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت اقتدار میں آکر سب سے پہلے عوام کے یہ بنیادی مسائل حل کرے گی ․ انہوں نے ان خیالات کا اظہار لالکڑتی ، طارق آباد ، ڈھیری حسن آباد اور ملحقہ یونین کونسلوں میں انتخابی کارنر میٹنگز سے خطاب کرتے ہوئے کیا ․ اس موقع پر عوام کی بڑی تعداد نے پی پی پی کے روزگار پروگرام کو پذیرائی دیتے ہوئے حاجی محمد گلزار اعوان کو اپنی مکمل حمایت کا یقین دلایا ․ حاجی محمد گلزار اعوان نے کہا کہ ہر گھر کے ایک ایک بے روزگار فرد کو روزگاردینے کا پروگرام بہت سوچ سمجھ کر بنایا گیا ہے اور اس پر پہلے ہوم ورک کیا گیا اور اس کے بعد سابق صدر آصف علی زرداری نے اس کا اعلان کیا ․ انہو ںنے کہا کہ ہم عوام سے کوئی ایسا وعدہ نہیں کریں گے جو پورا نہ ہو سکے کیونکہ پانچ سال کے بعد ہم عوام کے سامنے اپنے ان وعدوں کیلئے جوابدہ ہونگے ․ عوام کو چائییے کہ وہ ن لیگیوں سے ان کے وعدوں اور دعوئوں کے بارے میں پوچھیں ․ انہوں نے کہا کہ 26 جولائی کا سورچ پاکستان پیپلز پارٹی کی فتح کی نوید لے کر طلوع ہوگا اور اس کے بعد صحیح معنوں میں عوام کا اپنا راج ہو گا ۔