نگران وزیراعلیٰ ڈاکٹر حسن عسکری کا نشتر ہسپتال اوربرن سینٹر ملتان کا دورہ، علاج معالجے کی سہولتوں کا جائزہ لیا

ہسپتال کے ایمرجنسی بلاک، میڈیسن وارڈ، سرجری وارڈ اور بلڈ بینک کا معائنہ کیا،مریضوں کی عیادت کی نگران حکومت کی کوشش ہے کہ صحت عامہ کے شعبہ میںبہتری لائی جائے اور اس مقصد کیلئے صحت کے بجٹ میں اضافہ کیا ہے،ڈاکٹر حسن عسکری دکھی انسانیت کی خدمت کیلئے کچھ نہ کچھ کرنا چاہتا ہوں، مریضوں کو تمام سہولیات کی مفت فراہمی ریاست کی ذمہ داری ہے صوبہ کے 13بڑے ہسپتالوں کی ایمرجنسی کی تشکیل نو کی جارہی ہے جس میں نشتر ہسپتال ملتان کا ایمرجنسی بلاک بھی شامل ہے ہیلتھ کے جاری منصوبوں کیلئے فنڈز کی بروقت فراہمی یقینی بنائیں گے،نگران وزیراعلیٰ ، ڈاکٹروں کو جائز مطالبات حل کرنے کی یقین دہانی

منگل 3 جولائی 2018 23:13

نگران وزیراعلیٰ ڈاکٹر حسن عسکری کا نشتر ہسپتال اوربرن سینٹر ملتان ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 03 جولائی2018ء) نگران وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری نے منگل کو ملتان میںنشترہسپتال اوربرن سینٹر کا دورہ کیا۔نگران وزیراعلیٰ نے نشتر ہسپتال کے مختلف شعبوں کامعائنہ کیا۔نگران وزیراعلیٰ نے نشتر ہسپتال میں مریضوں کو دی جانے والی علاج معالجے کی سہولتوں کا جائزہ لیا ۔ڈاکٹر حسن عسکری ہسپتال کے مختلف وارڈز میں گئے ۔

نگران وزیراعلیٰ پنجاب نے ہسپتال کے ایمرجنسی بلاک،آئی سی یو ، آپریشن تھیٹرز، سرجیکل ایمرجنسی ، میڈیسن وارڈ اور بلڈ بینک کا معائنہ کیا۔ڈاکٹر حسن عسکری نے نشتر ہسپتال میں مریضوں کی عیادت کی ، مریضوں اور ان کے لواحقین سے نشتر ہسپتال میں علاج معالجے کی سہولتوں اور عملے کے بارے میں دریافت کیا اور ان کی جلد صحت یابی کے لئے دعا کی ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر انہوں نے نشتر ہسپتال کے ڈاکٹرز کے وفد کو ان کے جائز مطالبات کو قانون کے مطابق حل کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی۔ نگران وزیراعلیٰ نے برن سینٹر کا بھی دورہ کیا۔ انہوں نے بر ن سینٹر کے مختلف شعبوں کا جائزہ لیا اور وارڈ ز کا معائنہ کیا۔انہوں نے وارڈز میں زیرعلاج مریضوں کی عیادت کی۔ محکمہ صحت کے حکام نے نگران وزیراعلیٰ پنجاب کو برن سینٹر سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔

اس موقع پر صوبائی وزراء ضیاء حیدررضوی،شوکت جاوید ، کمشنر ملتان ڈویژن ندیم ارشاد کیانی، وائس چانسلر نشتر میڈیکل کالج و یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر احمد اعجاز مسعود، ڈپٹی کمشنر ملتان مدثر ریاض ملک اور ایم ایس نشتر ہسپتال ڈاکٹر عبدالرحمن قریشی بھی موجود تھے۔نگران وزیراعلیٰ ڈاکٹر حسن عسکری نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نگران حکومت کی کوشش ہے کہ صحت عامہ کے شعبہ میںبہتری لائی جائے اور اس مقصد کیلئے صحت کے بجٹ میں اضافہ کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں نے آج نشتر ہسپتال کا دورہ کر کے طبی سہولتوں کا جائزہ لیا ہے اور دکھی انسانیت کی خدمت کیلئے کچھ نہ کچھ کرنا چاہتا ہوں ۔انہوں نے ڈاکٹرز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مریضوں کو تمام سہولیات کی مفت فراہمی ریاست کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہاکہ ڈاکٹرز ایک مسیحا کادرجہ رکھتے ہیں اور مریضوں کی دیکھ بھال سے وہ ڈھیروں دعائیں کماتے ہیں-انہوں نے کہاکہ ہیلتھ کے جاری منصوبوں کو فنڈز کی بروقت فراہمی کو یقینی بنائیں گے۔

نشتر ہسپتال ٹو کے منصوبے کی افادیت کے پیش نظر رواں مالی سال کے بجٹ میں ایک ارب روپے مختص کئے جارہے ہیں ۔ نشتر ہسپتال سمیت صوبہ کی 13بڑے ہسپتالوں کی ایمرجنسی کی تعمیر نو جاری ہے۔ شعبہ صحت کے بجٹ میں خاطر خواہ اضافہ کیا گیا ہے ۔نگران وزیراعلیٰ ڈاکٹر حسن عسکری نے نشتر ہسپتال اور برن سنٹر کے دورے کے دوران بتایا کہ صحت کے شعبہ میں طبی سہولتوں کی فراہمی کو مزید بہتر بنانا چاہتے ہیں ۔

صوبہ کے مختلف ہسپتالوں کے دوروں کے دوران مریضوں کی زیادہ تعداد اور سٹاف کی کمی کے ایشو کو اپنے منیڈیٹ کے مطابق حل کرنے کی کوشش کریں گے۔ نگران وزیراعلیٰ نے کہا کہ نگران حکومت صرف آزادانہ الیکشن کے پُرامن انعقاد کے لئے قائم کی گئی ہے اپنے اختیارات سے تجاوز نہیں کریں گے تاہم لانگ ٹرم منصوبوں کے بارے میں نئی حکومت کے لئے سفارشات مرتب کریں گے۔