کراچی کی آبادی میں اضافے کے باعث شہر کو نئے انفراسٹرکچر کی ضرورت ہے، میئر کراچی

منگل 3 جولائی 2018 23:24

کراچی کی آبادی میں اضافے کے باعث شہر کو نئے انفراسٹرکچر کی ضرورت ہے، ..
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جولائی2018ء) میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ کراچی کی آبادی میں اضافے کے باعث شہر کو نئے انفراسٹرکچر کی ضرورت ہے، برساتی نالوں پر بڑے پیمانے پر دکانیں اور کاروباری مراکز قائم کردیئے گئے ہیں، اگر برساتی نالے صاف نہ کئے گئے تو بارشوں میں پانی سڑکوں پر آسکتا ہے، 7 ہزار روڈ کے نالے پر سے تمام تجاوزات ہٹا دی جائیں، گیلا ملبہ اٹھانے سے شہر کی شاہراہوں پر گندگی کا خدشہ ہوتا ہے اس لئے نالوں کا ملبہ دو دن بعد اٹھایا جاتا ہے، شہری اس حوالے سے مطمئن رہیں نالوں سے نکالے جانے والے کچرے کو ٹھکانے لگایا جائے گا، میڈیا ہمارے مثبت پہلوئوں کو اجاگر کرنے میں ہمارا ساتھ دے۔

جاری اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلع کورنگی میں 7ہزار روڈ، 12ہزار روڈ، کورنگی نمبر2 ،انڈسٹریل ایریا شان چورنگی اور دیگر علاقوں میں نالوں کی صفائی اور تجاوزات کے خلاف کئے جانے والے آپریشن کا دورہ کرنے کے بعد میڈیا کے نمائندوں بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ضلع کورنگی کے وائس چیئرمین سید احمر علی، میٹروپولیٹن کمشنر ڈاکٹر سید سیف الرحمن، ڈائریکٹر جنرل ٹیکنیکل سروسز اقتدار احمد، سینئر ڈائریکٹر کوآرڈینیشن مسعود عالم، سینئر ڈائریکٹر میونسپل سروسز نعمان ارشد، سینئر ڈائریکٹر اینٹی انکروچمنٹ بشیر صدیقی اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔

میئر کراچی نے کہا کہ کورنگی کے نالوں سے ہر قسم کی تجاوزات کو بھاری مشینری،ایکسی ویٹرز، کرینوں اور لیبرز کے ذریعے ہٹایا جارہا ہے تاکہ نالوں کی صفائی اور نکاسی آب میں حائل رکاوٹوں کو دور کیا جا سکے اور بارشوں کی صورت میں ملحقہ آبادیوں کے مکینوں کو مشکلات سے بچایا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :