شریف خاندان کیخلاف ایون فیلڈ ریفرنس کیس فیصلے کی ممکنہ تفصیلات سامنے آگئیں

احتساب عدالت نے سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف، ان کی صاحبزادی مریم نواز اور کیپٹن(ر) محمد صفدرکے خلاف دائر ایون فیلڈ ریفرنس کا فیصلہ محفوظ کرلیا ہے جیسے 6جولائی کو سنایا جائے گا

muhammad ali محمد علی منگل 3 جولائی 2018 22:23

شریف خاندان کیخلاف ایون فیلڈ ریفرنس کیس فیصلے کی ممکنہ تفصیلات سامنے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 03 جولائی2018ء) شریف خاندان کیخلاف ایون فیلڈ ریفرنس کیس فیصلے کی ممکنہ تفصیلات سامنے آگئی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق شریف خاندان کیخلاف نیب کی جانب سے دائر کردہ ایون فیلڈ ریفرنس کے فیصلے کی تاریخ کے اعلان کے بعد اس حوالے سے ملک کے ممتاز قانون دان فاروغ نسیم نے ردعمل دیا ہے۔ فاروغ نسیم کا کہنا ہے کہ انہوں نے اس کیس کی تمام تفصیلات کافی غور سے دیکھی ہیں۔

ان کی رائے میں ممکنہ طور پر ایون فیلڈ ریفرنس کے فیصلے میں شریف خاندان کے افراد کو جیل کی سزا سنا دی جائے گی۔ تاہم یہ صرف ان کی رائے ہے۔ کیس کا فیصلہ کیا ہوگا، یہ 6 جولائی کو ہی معلوم ہوگا۔ تاہم بظاہر شریف خاندان کی مشکلات کم ہوتی نظر نہیں آ رہیں۔ واضح رہے کہ احتساب عدالت نے سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف ،ان کی صاحبزادی مریم نواز اور کیپٹن(ر) محمد صفدرکے خلاف دائر ایون فیلڈ ریفرنس کا فیصلہ محفوظ کرلیا ہے جیسے 6جولائی کو سنایا جائے گا۔

(جاری ہے)

احتساب عدالت نے مریم نواز کے وکیل امجد پرویز کے دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کیا ہے۔ احتساب عدالت نے تقریباً ساڑھے 9 ماہ کیس کی سماعت کی، سابق وزیر اعظم کے صاحبزادوں حسن نواز اور حسین نواز کو ایون فیلڈ ریفرنس میں اشتہاری قرار دیا جاچکا ہے۔واضح رہے کہ 29 جون کو ہونے والی سماعت پر احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے ایڈووکیٹ امجد پرویز کو ایون فیلڈ ریفرنس میں 2 جولائی کو ہر حالت میں حتمی دلائل ختم کرنے کی ہدایت کی تھی، تاہم گزشتہ روز دلائل مکمل نہ ہونے پر ریفرنس کی سماعت آج تک کے لیے ملتوی کردی گئی تھی۔

سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف اور مریم نواز لندن میں موجودگی کے باعث منگل کو بھی احتساب عدالت میں پیش نہیں ہوئے، گزشتہ روز عدالت نے دونوں کو حاضری سے 2 روز کا استثنیٰ دیا تھا۔واضح رہے کہ ایون فیلڈ ریفرنس میں محمد نواز شریف سمیت ملزمان سے 127سوالات پوچھے گئے، لندن سے 2 گواہوں کے بیانات ویڈیو لنک پر ریکارڈ کیے گئے جبکہ نیب کے گواہ رابرٹ ریڈلے اور راجا اختر کا ویڈیو لنک پر بیان ریکارڈ کیا گیا۔ایون فیلڈ ریفرنس کی 107 سماعتیں ہوئیں ہیں ۔ سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف اور مریم نواز 78 مرتبہ عدالت میں پیش ہو چکے ہیں۔