Live Updates

نیب کورٹ سے محمد نواز شریف کو انصاف نہیں ملے گا،ہم عدالتوں کا فیصلہ ماننے والے لوگ ہیں،ہر عدالت کا فیصلہ مانا،انتخابات میں بھرپور حصہ لیں گے،

مسلم لیگ (ن) این اے 53 سے بھاری اکثریت سے جیتے گی،شاہد خاقان عباسی کی نجی ٹی وی اور الیکشن آفس کے افتتاح کے موقع پر گفتگو

منگل 3 جولائی 2018 23:37

نیب کورٹ سے محمد نواز شریف کو انصاف نہیں ملے گا،ہم عدالتوں کا فیصلہ ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جولائی2018ء) سابق وزیراعظم و رہنما پاکستان مسلم لیگ (ن) شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ نیب کورٹ سے محمد نواز شریف کو انصاف نہیں ملے گا، کوئی ایسا کیس بتا دیں جس کی مہینے میں 3 پیشیاں ہوئی ہوں، ان خیالات کا ظہار انہوں نے منگل کو ایک نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم عدالتوں کا فیصلہ ماننے والے لوگ ہیں یہی وجہ ہے کہ ہم نے ہر عدالت کا فیصلہ مانا ہے، انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ انتخابات غیر متنازع ہوں لیکن اگر انتخابات متنازع ہوئے تو ذمہ دار کون ہو گا، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ لوگ محمد نواز شریف کو چاہتے ہیں، ہمارے پارٹی ٹکٹ واپس کرائے جا رہے ہیں، ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہمارا کسی جیپ والے کے ساتھ اتحاد نہیں ہو گا، ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ چوہدری نثار کو چاہیئے تھا کہ وہ پارٹی ٹکٹ کے لیے درخواست دیتے اور جماعت کو مضبوط کرتے، ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ عمران خان یو ٹرن کے ماسٹر ہیں، عمران خان کے لیے یوٹرن کوئی بڑی بات نہیں ہے۔

(جاری ہے)

قبل ازیں اسلام آباد کے حلقہ 53 میں اپنے الیکشن آفس کے افتتاح کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) تیار ہے،ہم انتخابات میں بھرپور حصہ لیں گے۔پاکستان مسلم لیگ (ن) این اے 53 سے بھاری اکثریت سے جیتے گی، عائشہ گلا لئی ہو یا پھر عمران خان جیت پاکستان مسلم لیگ (ن) ہی کی ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) اور اس کی قیادت نے گزشتہ 5 سال عوام کی خدمت کی ہے اور اپنی اسی کارکردگی کی بنیاد پر عوام کے پاس جا رہے ہیں۔

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہم نے کبھی اصولوں پر سودے بازی نہیں کی، جو وفاداری بدلتے ہیں انہیں عوام 25 جولائی کو شکست دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہاں ایک کپتان ہے لیکن یہاں کروڑوں کپتان ہیں اور ہر مسلم لیگی کپتان ہے۔ انہوں نے کہا کہ محمد نواز شریف پر کرپشن کا کوئی الزام نہیں، ووٹ کو عزت دو کا مطلب ہے کہ الیکشن لڑنے والے کو عزت دو۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) اور اس کی قیادت نے اپنے سابقہ دور حکومت میں ملکی معیشت کے استحکام کے لیے کام کیا کیونکہ ملکی نوجوانوں کو روزگار معیشت کو مضبوط کر کے ہی دیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ انتخابات صاف و شفاف اور غیر متنازع ہوں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات