سپریم کورٹ کا اصغر خان کیس کی تفتیش تک ڈی جی ایف آئی اے کو تبدیل نہ کرنے کا حکم

تفتیش مکمل ہونے تک بشیر میمن ڈی جی ایف آئی اے رہیں گے‘ سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ کو بتا دیں عدالتی حکم عدولی پر سخت کارروائی ہوگی،چیف جسٹس ثاقب نثار کے ریمارکس

بدھ 4 جولائی 2018 11:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 04 جولائی2018ء) سپریم کورٹ نے اصغر خان کیس کی تفتیش تک ڈی جی ایف آئی اے کو تبدیل نہ کرنے کا حکم دے دیا‘ چیف جسٹس ثاقب نثار نے کہا کہ تفتیش مکمل ہونے تک بشیر میمن ڈی جی ایف آئی اے رہیں گے‘ سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ کو بتا دیں عدالتی حکم عدولی پر سخت کارروائی ہوگی۔ بدھ کو سپریم کورٹ نے ڈی جی ایف آئی اے کے تبدیلی کی خبروں کا سخت نوٹس لے لیا۔

چیف جسٹس ثاقب نثار نے کہا کہ اصغر خان کیس میں بشیر میمن کو نہ ہٹانے کا حکم دیا تھا۔ تفتیش مکمل ہونے تک بشیر میمن ڈی جی ایف آئی اے رہیں گے۔ ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے بتایا کہ الیکشن کمیشن کو اس حوالے سے آگاہ کردیا ہے۔ چیف جسٹس نے کہا کہ سیکرٹری اسٹیبلٹمنٹ کو بتا دیں عدالتی حکم عدولی پر سخت کارروائی ہوگی۔

(جاری ہے)

چیف جسٹس نے ڈی جی ایف آئی اے سے مکالمہ کیا کہ یہ بتائیں محسن وڑائچ لندن کیسے چلا گیا این آئی سی ایل کیس میں محسن وڑائچ کا نام ای سی ایل میں تھا آپ بلا شبہ تفتیشی ادارے کے سربراہ ہیں میرے اپنے بھی ذرائع ہیں جہاں سے خبر ملی۔

ڈی جی ایف آئی اے بشیر میمن نے بتایا کہ میرا خیال ہے محسن وڑائچ پاکستان سے نہیں گیا۔ چیف جسٹس نے کہا کہ عدالتی حکم کے بعد محسن وڑائچ لندن پہنچا بشیر میمن نے بتایا کہ محسن وڑائچ کی روانگی کی تفصیلات آج ہی اکٹھی کروں گا۔